جموں///لفٹینٹ گورنر منوج سنہا نے آج راج بھون میں نوجوان شطرنج چیمپئن محترمہ آروشی کوتوال کو مبارکباد دی ۔ لفٹینٹ گورنر نے محترمہ کوتوال کو شطرنج میں کئی قومی اور بین الاقوامی اعزازات جیت کر جموں و کشمیر کا نام روشن کرنے پر مبارکباد دی ۔ محترمہ آروشی کوتوال جو گرینڈ ماسٹر بننے کی خواہش رکھتی ہیں ، کو حال ہی میں شطرنج چیمپین شپ میں ان کی کامیابیوں کیلئے پردھان منتری راشٹریہ بال پراسکار سے نوازا گیا ۔ محترمہ کوتوال سے بات چیت کے دوران لفٹینٹ گورنر نے ان کے آنے والے شطرنج کے مقابلوں کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور انہیں یو ٹی انتظامیہ کے محکمہ کھیل کی طرف سے ہر ممکن مدد کا یقین دلایا ۔ محترمہ آروشی کے ساتھ ان کے والد اور ان کی بہن بھی تھیں ۔ اس کا تعلق ضلع ڈوڈہ کے بھدرواہ علاقے سے ہے ۔ بعد میں بی ڈی سی چئیر پرسن اوڑی محمد رفیق بلوٹے نے بھی لفٹینٹ گورنر سے ملاقات کی اور اوڑی علاقے میں سیاحتی مقامات کی ترقی سے متعلق مختلف مسائل پیش کئے ۔ بی ڈی سی چئیر پرسن کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے لفٹینٹ گورنر نے کہا کہ یو ٹی حکومت مختلف سیاحتی سرکٹس تیار کر کے اور نئے غیر دریافت شدہ سیاحتی مقامات کی نشاندہی کر کے جموں و کشمیر کی سیاحت کی مکمل صلاحیتوں کو تلاش کرنے پر پوری توجہ دے رہی ہے ۔ لفٹینٹ گورنر نے یقین دلایا کہ بات چیت کے دوران پیش کئے گئے مسائل کو زیر غور لایا جائے گا ۔