سری نگر//جموں وکشمیر کے وسطی ضلع بڈگام کے چرار شریف علاقے میں جنگجووں اور سیکورٹی فورسز کے مابین گولیوں کا تبادلہ ہوا ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق وسطی ضلع بڈگام کے چرار شریف گاوں میں ملی ٹینٹوں کے چھپے ہونے کی ایک خاص اطلاع موصول ہونے کے بعد سیکورٹی فورسز نے اس علاقے کو محاصرے میں لے کر اُنہیں ڈھونڈ نکالنے کے لئے تلاشی کارروائی کا آغاز کیا تو اسی دوران خود کوسلامتی عملے کے گھیرے میں پا کر ملی ٹینٹوں نے فورسز پر اندھا دھند فائرنگ شروع کی ۔انہوں نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے بھی جوابی کارروائی کا آغاز کیا جس دوران دوبدو گولیوں کا تبادلہ شروع ہوا ۔اُن کے مطابق فوج ، پولیس اور سی آر پی ایف نے ایک وسیع علاقے کو محاصرے میں لے کر فرار ہونے کے سبھی راستوں پر پہرے بٹھا دئے ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ علاقے میں دو ملی ٹینٹ چھپے بیٹھے ہیں جنہیں مار گرانے کی خاطر اضافی کمک کو بھی طلب کیا گیا ہے۔آخری اطلاعات موصول ہونے تک علاقے میں شدید گولیوں کا تبادلہ جاری تھا۔بتادیں کہ ہفتے کی شام کو نائرہ پلوامہ میں بھی سیکورٹی فورسز اور جنگجوؤں کے مابین گولیوں کا تبادلہ ہوا جس کے بعد فورسز نے گاوں کو پوری طرح سے سیل کرکے آپریشن کو اتوار کی صبح تک موخر کیا۔