سری نگر:محکمہ موسمیات کی طرف سے دو روزہ برف و باراں کی پیش گوئی کے بیچ وادی کشمیر کے بیشتر علاقوں میں شبانہ درجہ حرارت میں بہتری درج ہوئی ہے جس سے لوگوں کو ٹھٹھرتی سردی سےقدرے راحت نصیب ہوئی ہے۔بتادیں کہ محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق وادی کشمیر میں 22 اور23 جنوری کو درمیانی درجے کی برف باری متوقع ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس برفباری سے زمینی و فضائی ٹرانسپورٹ عارضی طور پر متاثر ہو سکتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ وادی میں 24 جنوری سے موسم میں بہتری واقع ہونا شروع ہوگی اور بعد ازاں ماہ رواں کے اختتام تک موسم خشک رہ سکتا ہے۔ادھر گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت 2.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کم سے کم درجہ حرارت 2.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔سری نگر میں 18 دسمبر کو رواں موسم کی سرد ترین رات ریکارڈ ہوئی تھی جب کم سے کم درجہ حرارت منفی6.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔وادی کے مشہور زمانہ سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی7.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت منفی5.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی2.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت منفی0.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت 1.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب بھی یہی درجہ حرارت ریکارڈ ہوا تھا۔