جموں//جموں شہر کے مضافاتی علاقہ سندھ ون کانہ چک میں بدھ کو ڈرون کی سرگرمی کو دیکھنے کے بعد سیکورٹی فورسز نے بڑے پیمانے پر تلاشی آپریشن شروع کر دیا ہے۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ شہر کے سندھ ون کانہ چک علاقے میں مقامی لوگوں نے منگل کی رات دیر گئے ایک ڈرون کو اڑتے ہوئے دیکھا۔انہوں نے کہا کہ لوگوں نے ڈرون سرگرمی کو دیکھتے ہی حکام کو اس کے متعلق مطلع کیا۔مذکورہ ذرائع نے بتایا کہ اطلاع موصول ہوتے ہی پولیس اور بی ایس ایف کی ایک مشترکہ ٹیم نے علاقے میں تلاشی آپریشن شروع کر دیا لیکن انہیں کچھ بھی حاصل نہیں ہوا۔انہوں نے کہا کہ بدھ کی صبح علاقے میں تلاشی آپریشن دوبارہ شروع کر دیا گیا لیکن فی الوقت آپریشن ٹیم کے ہاتھوں کچھ بھی نہیں لگ گیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ یوم جمہوریہ نزدیک آنے کے پیش نظر پاکستان کی طرف سے ڈرون سرگرمیوں کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جا سکتا ہے لیکن ہم کسی بھی چلینج کا مقابلہ کرنے کے لئے تیار ہیں۔