سری نگر// وادی کشمیر کی سڑکوں پر موت کا رقص جاری رہتے ہوئے جنوبی کشمیر کے قصبہ بجبہاڑہ کے ارونی علاقے میں ہفتے کی صبح ایک سڑک حادثے میں سکوٹی سوار لقمہ اجل بن گیا۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ بجبہاڑہ کے ارونی علاقے میں ہفتے کی صبح ایک ٹریکٹر نے ایک سکوٹی کو زور دار ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں سکوٹی کے ڈرائیور کی بر سر موقع ہی موت واقع ہوگئی۔متوفی سکوٹی سوار کی شناخت تجمل الاسلام ولد شیراز احمد ساکن فرصل ارونی کے بطور ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹریکٹر کا ڈرائیور جس کی شناخت عاقب گنائی ساکن حسن پورہ کے بطور ہوئی ہے، جائے موقع سے فرار ہوگیا۔قابل ذکر جموں و کشمیر میں سال 2021 کے دوران اب تک 7 سو 13 افراد سڑک حادثات میں جان بحق جبکہ 6 ہزار4 سو 47 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق جموں وکشمیر میں سال رواں کے ماہ جنوری سے ماہ نومبر تک کل 5 ہزار 36 سڑک حادثات رونما ہوئے جن میں 7 سو 13 افراد جان بحق جبکہ 6 ہزار4 سو 47 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ان سڑک حادثات میں سب سے زیادہ 3 ہزار2 سو 78 حادثے صوبہ جموں میں پیش آئے ہیں جن میں 5 سو 21 افراد جان بحق جبکہ 4 ہزار2 سو 41 زخمی ہوگئے ہیں۔