لکھنؤ//مرکزی وزیر داخلہ و بی جے پی کے چیف اسٹریٹجسٹ امت شاہ 26دسمبر سے اترپردیش کے دورے پر ہونگے۔ امت شاہ اپنے کئی روزہ دورے کے دوران ریاست میں متعدد عوامی ریلیاں کر کے اسمبلی انتخابات کے پیش نظر بی جے پی کے حق میں ماحول سازی کریں گے۔مسٹر شاہ اتوار سے آئندہ چھ دنوں تک ریاست کے 10اضلاع کا دورہ کریں گے۔ اس دوران وہ عوام کے درمیان جاکر مرکز کی نریندر مودی اور اترپردیش کی یوگی آدتیہ ناتھ حکومت کی حصولیابیوں کو شمار کرائیں گے۔بی جے پی کے سابق صدر کے دورے کا آغاز 26دسمبر کو کاس گنج اور جالون سے ہوگا جبکہ 28دسمبر کو وہ ہردوئی، سلطان پور اور بھدوہی میں عوامی ریلی سے خطاب کریں گے۔مرکزی وزیر 30دسمبر کو مرادآباد میں عوامی ریلی سے خطاب کرنے کے بعد لکھنؤ تشریف لائیں گے اور پھر وہاں سے اناؤ کا دورہ کریں گے۔ سال کے آخری دن یعنی 31دسمبر کو وہ مشرقی اترپردیش کے سنت کبیر نگر میں عوامی ریلی کریں گے اور بعد میں بریلی میں ان کا ایک روڈ شو ہوگا۔اسمبلی انتخابات کے پیش نظر شاہ کا یوپی دورہ بی جے پی کے لئے کافی اہمیت کا حامل ہے۔ ریاست کی جغرافیائی اور سیاسی حالات سے اچھی طرح سے واقف شاہ کی قیادت میں بی جے پی نے سال 2014 کے لوک سبھا انتخابات میں ریاست میں 80سے سے 71سیٹوں پر جیت کر پرچم لہرایا تھا جبکہ اس کی اتحادی پارٹی اپنا دل کو دو سیٹیں ملی تھیں۔سال 2019 کے لوک سبھاانتخابات میں بھی شاہ نے یوپی کی انتخابی حکمت عملی ترتیب دی تھی جس کی بدولت یوپی میں بی جے پی کے کھاتے میں 62سیٹیں آئی تھیں جبکہ ساتھ مل کر انتخاب لڑنے والی ایس پی کو 5 اور بی ایس پی کو 10سیٹوں پر کامیابی ملی تھی۔بی جے پی کی اتحادی اپنا دل کو 2سیٹوں پر کامیابی ملی تھی۔