سری نگر// جموں وکشمیر کی گرمائی راجدھانی سری نگر کے باراں پتھر بٹہ مالو علاقے میں شام دیر گئے آتشزدگی کی بھیانک واردات میں تین رہائشی مکان خاکستر ہوئے جبکہ آگ بجھانے کی کارروائی کے دوران انچارج سٹی سمیت دو اہلکار زخمی ہوئے جنہیں علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا۔اطلاعات کے مطابق سری نگر کے گنجان آبادی والے علاقے باراں پتھر بٹہ مالو میں رات نو بجے کے قریب رہائشی مکان سے آگ نمودار ہوئی جس نے آناً فاناً اپنے متصل مزید دو مکانوں کو لپیٹ میں لے لیا۔معلوم ہوا ہے کہ فائر اینڈ ایمرجنسی اور مقامی لوگوں کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں گر چہ آگ پر قابو پایا گیا تاہم آتشزدگی کی اس واردات میں تین رہائشی مکان خاکستر ہوئے ہیں۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ رمضان المبارک کے پیش نے لوگ مساجد میں تروایح کی نماز ادا کر رہے تھے کہ اسی اثنا میں رہائشی مکان سے آگ نمودار ہوئی اور چندمنٹوں کے اندر اندر ہی آگ کے شعلوں نے تین مکانوں کو لپیٹ میں لے لیا۔انہوں نے بتایا کہ آگ کی اس واردات میں لاکھوں روپیہ مالیت کی گھریلو املاک راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوئی۔فائر اینڈ ایمرجنسی کے ایک عہدیدار نے یو این آئی اردو کو بتایا کہ باراں پتھر بٹہ مالو میں شام 8بجکر 45منٹ پر رہائشی مکان سے آگ نمودار ہونے کی اطلاع موصول ہوتے ہی فائر اینڈ ایمرجنسی کے اہلکار جائے موقع پر پہنچے۔انہوں نے بتایا کہ تنگ گلیوں اور گنجان آبادی کے باوجود بھی فائر اینڈ ایمرجنسی کے اہلکاروں نے اپنی جانوں کو جوکھم میں ڈال کر آگ بجھانے کی کارروائی شروع کی اور دس فائر ٹینڈروں کی مدد سے آگ پر قابو پایا گیا۔ان کے مطابق آگ بجھانے کی کارروائی کے دوران ’آئی سی ڈی ایف‘ سٹی نور العالم اور فائر مین اعجاز احمد زخمی ہوئے جنہیں علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا۔دریں اثنا پولیس نے آگ لگنے کی وجوہات جاننے کی خاطر کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ہے۔