سری نگر// سرحدی حفاظتی فورس (بی ایس ایف) مغربی کمان کے خصوصی ڈائریکٹر جنرل (ایس ڈی جی) یوگیش بہادر کھورانیہ کا لائن آف کنٹرول پر سیکورٹی صورتحال اور آپریشنل تیاریوں کے مقصد کے لئے کیا جانے والا پانچ روزہ دورہ وادی کشمیر اختتام پذیر ہوا۔بی ایس ایف کے ایک ترجمان نے بتایا کہ بی ایس ایف کی مغربی کمان کے ایس ڈی جی 18 سے 22 مارچ تک کشمیر فرنٹیئر کے پانچ روزہ دورے پر تھے۔انہوں نے کہا کہ اس دورے کا مقصد ایل او سی پر سیکورٹی صورتحال اور آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لینا تھا۔ان کا بیان میں کہنا تھا: ‘موصوف ایس ڈی جی کے دورے کا آغاز بی ایس ایف کشمیر فرنٹیئر کے آئی جی اشوک یادو کے ایل او سی اور اندورنی علاقوں میں سیکورٹی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ سے ہوا۔موصوف ترجمان نے بتایا کہ اس دورے میں فضائی جاسوسی اور دفاعی علاقوں کے ساتھ ساتھ کپوارہ اور سری نگر میں بی ایس ایف سیکٹر ہیڈ کوارٹر کا دورہ بھی شامل تھا۔انہوں نے کہا کہ ایس ڈی جی نے ہر مقام پر مقامی بی ایس ایف کمانڈروں اور جوانوں کے ساتھ حفاظتی منظر نامے اور لائن آف کنٹرول کے ساتھ آپریشنل تیاریوں کے بارے خود بات چیت کی۔انہوں نے کہا کہ مسٹر کھورانیہ نے دورے کے دوران فوج کی 15 ویں کور کے جنرل آفیسر کمانڈنگ (جی او سی) لیفٹیننٹ جنرل راجیو گھئی سے بھی ملاقات کی اور بی ایس ایف اور فوج کے درمیان مشترکہ کاوشوں پر تبادلہ خیال کیا اور اس دوران وادی میں امن، خوشحالی اور ترقی کے حصول کے لئے ہم آہنگی کی اہمیت پر زور دیا۔موصوف ترجمان نے کہا کہ ایس ڈی جی نیکمپوزٹ ہسپتال اور ایس ٹی سی بی ایس ایف کمشیر کا بھی دورہ کیا جہاں انہوں نے بھرتی ہونے والوں کی جسمانی اور پیشہ ورانہ مہارت کی تربیت کا جائزہ لیا۔انہوں نے کہا کہ دورے کے دوران مسٹر کھورانیہ نے سینئر افسروں ،ماتحت افسروں اور جوانوں کے ساتھ پرہاری سمیلن کے توسط سے بات چیت کی۔ان کا کہنا تھا کہ اس دوران موصوف ایس ڈی جی نے بی ایس ایف اہلکاروں کی اعلیٰ سطح کی پیشہ ورانہ مہارت کی سراہنا کی اور ان کو تاکید کی کہ وہ وادی میں امن خراب کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لئے انتہائی چوکس رہیں۔