سری نگر// چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار کا کہنا ہے کہ کمیشن جموں وکشمیر میں لوک سبھا اور اسمبلی انتخابات کے انعقاد کے لئے فکر مند ہیں۔ تاہم دونوں انتخابات کو ایک ساتھ منعقد کرنے کے بارے میں سیکورٹی ایجنسیوں اور سیاسی جماعتوں کے ساتھ تفصیلی مشاورت ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم لوک سبھا اور اسمبلی انتخابات کے فوری انعقاد کے لیے کوشاں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جموں وکشمیر میں پر امن طریقے سے انتخابات کا انعقاد عمل میں لایا جائے گا۔ان باتوں کا اظہار موصوف نے جموں میں ایک پرہجوم پریس کانفرنس کے دوران کیا۔انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر میں لوک سبھا اور اسمبلی انتخابات کے انعقاد کے لئے کافی سنجیدہ ہے لیکن اس بارے میں حتمی فیصلہ بہت جلد لیا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر کی سیاسی جماعتوں اور سیکورٹی ایجنسیوں کے ساتھ مکمل مشاورت کے بعد ہی جموں وکشمیر میں اسمبلی چناو کے حوالے سے کوئی فیصلہ لیا جاسکتا ہے۔چیف الیکشن کمیشنر نے کہاکہ جموں وکشمیر میں اسمبلی انتخابات جلد ہی منعقد کرانے کی خاطر کمیشن وعدہ بند ہے۔انہوں نے کہاکہ جہاں تک لوک سبھا اور اسمبلی چناو ایک ساتھ کرانے کا تعلق ہے تو ہم مکمل سیکورتی جائزہ لینے اور سیاسی جماعتوں کے ساتھ مشاورت کے بعد ہی فیصلہ لیں گے۔ان کے مطابق جموں وکشمیر میں پر امن ، شفاف ، منصفانہ اور آزادانہ چناو کرانے کے حوالے سے زمینی سطح پر اقدامات کئے جا رہے ہیں۔انتخابی بانڈ کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں چیف الیکشن کمشنر نے کہاکہ سٹیٹ بینک آف انڈیا سے تفصیلات موصول ہوئی ہیں اور مقررہ وقت کے اندر اندر تمام معلومات شیئر کی جائے گی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ جموں وکشمیر سمیت ملک بھر کے ووٹروں سے التجا کرتے ہیں کہ وہ چناو میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ان کے مطابق تمام اضلاع میں سوشل میڈیا سینٹر قائم کئے گئے ہیں تاکہ بے بنیاد اور من گھڑت خبروں کا توڑ کیا جاسکے۔ انہوں نے کہاکہ چناو کے دوران جعلی خبریں پھیلانے والے افراد کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لانے کے احکامات صادر کئے گئے ہیں۔چیف الیکشن کمشنر نے کہاکہ تمام امیدواروں کو مناسب سیکورٹی فراہم کی جائے گی اور مرکزی فورسز کو بھی تعینات کیا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ 85 سال سے زیادہ عمر کے افراد اورجسمانی طور معذور افراد کو جموں و کشمیر میں گھر بیٹھے ووٹ ڈالنے کی سہولت فراہم کی جائے گی۔راجیوکمار نے کہاکہ الیکشن کمیشن نے ایک اپیلی کیشن تیار کی ہے جس کے ذریعے لوگ انتخابات میں گڑھ بڑھ کے حوالے سے شکایت درج کرسکتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ سری نگر دورے کے دوران متعدد پارٹیوں کے وفود نے ملاقات کے دوران شفاف اور منصفانہ چناو کرانے کے بارے میں زور دیا۔چیف الیکشن کمشنر نے کہاکہ چناو کمیشن اس بات کا پابند ہے کہ شفاف چناوکو یقینی بنایا جائے۔جموں وکشمیر میں اسمبلی چناو میں تاخیر ہونے کے بارے میں چیف الیکشن کمشنر نے کہاکہ ہماری طرف سے کوئی تاخیر نہیں ہوئی۔انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر تنظیم نو ایکٹ کا قیام سال 2019میں عمل میں لایا گیا اور پھر اسمبلی نشستوں میں اضافہ کیا گیا اْس کے بعد ایس سی اور دوسرے ذمروں کے لئے سیٹیں مختص رکھی گئی اور یہ سلسلہ دسمبر 2023تک چلتا رہا۔انہوں نے کہاکہ اگر ہم سے کہا جائے کہ جموں وکشمیر کے چناو میں کتنی تاخیر ہوگی تو ہمارا جواب ہوگا کہ صرف تین ماہ ہو گئے۔ان کے مطابق ہم جموں وکشمیر میں سیاسی عدم استحکام نہیں چاہتے بلکہ جلدازجلد اسمبلی چناو کرانے کے پابند ہے تاہم اس کے لئے ہمیں سیکورٹی کا بھی دھیان رکھنا پڑتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ جموں وکشمیر میں امیدواروں کے لئے بھی معقول سیکورٹی فراہم کرنی پڑتی ہے لہذا سب کچھ دھیان میں رکھتے ہوئے اسمبلی چناو کے انعقاد کا فیصلہ لیا جائے گا۔سروس ووٹرس (یعنی سیکورٹی فورسز میں تعینات مقامی اہلکاروں) کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں چیف الیکشن کمیشنر نے کہاکہ فی الوقت ان کی تعداد 76ہزار 876ہے۔