سری نگر //برلن جرمنی کے ترکش نژاد صوفی اسکالر شیخ اشرف آفندی نے جمعے کے روز کہاکہ فلسطین میں جاری کشیدگی کو لے کر دنیا خاص کر او آئی سی خاموش ہے۔
انہوں نے لوگوں سے سرکار مخالف کارروائیوں سے باز رہنے کی تلقین کرتے ہوئے کہاکہ مسلمانوں کو تفرق چھوڑ کر ایک جٹ ہونے کی ضرورت ہے۔
اطلاعات کے مطابق برلن جرمنی کے معروف صوفی اسکالر شیخ اشرف آفندی جمعے کے روز کشمیرپہنچے ۔
شیخ اشرف آفندی نے جنوبی ضلع اننت ناگ کی جامع مسجد میں نماز جمعہ کے موقع پر لوگوں سے خطاب کیا ۔
نماز جمعہ کے بعد نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران شیخ اشرف آفندی نے کہا:”پوری دنیا میں مسلمان اختلافات کے شکار ہیں ۔“
انہوں نے کہاکہ مسلمان ممالک کو تفرق چھوڑ کر ایک جٹ رہنے کی ضرورت ہے ۔
معروف عالمی اسکالر نے مزید کہاکہ لوگوں کو سرکارمخالف کارروائیوں سے باز رہ کر کسی کے لئے تکلیف کا باعث نہیں بننا چاہئے۔
فلسطین میں جاری کشیدگی کے بارے میں جب عالمی اسکالر سے سوال کیا گیا تو انہوں نے کہاکہ فلسطین میں جاری کشیدگی کولے کر اوآئی سی کی خاموشی معنی خیز ہے۔
معلوم ہوا ہے کہ صوفی اسکالر شیخ اشرف آفندی نے بعد ازاں زیارت شریف ریشی صاحب پر بھی حاضری دی اور وہاں پر امن و سلامتی اور خوشحالی کے لئے دعا کی۔