جموں// جموں وکشمیر کے پونچھ ضلع کے تحصیل سرنکوٹ کے دیہی اور جنگلی علاقوں میں سیکورٹی فورسز کی جانب سے تلاشی آپریشن مسلسل جاری ہے۔اطلاعات کے مطابق بفلیاز میں دہشت گردحملے کے بعد تحصیل سرنکوٹ کے کئی دیہی اور جنگلی علاقوں میں پیر کے روز بھی تلاشی آپریشن جاری رہا۔ذرائع نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز کے اہلکار جنگلی علاقوں میں قدرتی طورپر بنی گھپاوں کی بھی تلاشی لے رہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ آپریشن کے دوران جدید ٹیکنالوجی کا بھی سہارا لیا جارہا ہے تاکہ جنگلوں میں موجود ملی ٹینٹوں کو مارگرایا جاسکے۔ذرائع نے مزید بتایا کہ بفلیاز دہشت گرد حملے کے بعد پونچھ کے جنگلی علاقوں میں سیکورٹی فورسزکی جانب سے تلاشی آپریشن مسلسل جاری ہے۔ان کے مطابق آپریشن کے دوران ڈرون کیمروں کے ساتھ ساتھ ہیلی کاپٹروں کو بھی استعمال میں لایا جارہا ہے۔بتادیں کہ بفلیاز دہشت گرد حملے میں چار فوجی جوان جاں بحق ہوئے تھے۔