سری نگر//جموں وکشمیر نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے منگل کے روز کہاکہ مسائل کو حل کرنے کی خاطر پاکستان کے ساتھ بات چیت ناگزیر ہے۔انہوں نے کہاکہ پونچھ میں شہری ہلاکتوں میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جانی چاہئے۔فاروق عبداللہ نے ان باتوں کا اظہار سری نگر میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران۔انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر میں حالات بد سے بدتر ہوتے جارہے ہیں۔ان کے مطابق پونچھ میں جو کچھ بھی ہوا اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔فاروق عبداللہ کا کہنا تھا کہ موجودہ صورتحال سے نکلنے کی خاطر بات چیت واحد راستہ ہے لہذا پڑوسی ملک کے ساتھ مذاکرات شروع کرنے میں کوئی حرج نہیں ہونا چاہئے۔انہوں نے مزید بتایا کہ بھاجپا کے قدر آور لیڈر آنجہانی واجپائی نے بھی پاکستان کے ساتھ مذاکرات شروع کرنے کی وکالت کی تھی۔انہوں نے کہاکہ مرکزی سرکار جموں وکشمیر میں حالات ٹھیک ہونے کا دعویٰ کر رہی ہیں لیکن جو کچھ بھی یہا ں پر ہو رہا ہے وہ سب کے سامنے عیاں ہے۔فاروق عبداللہ کے مطابق پونچھ میں فوجی گاڑیوں پر حملے کے بعد تین عام شہریوں کا قتل کیا گیا۔انہوں نے کہاکہ متاثرین کو معاوضہ اور نوکری دینے سے کچھ نہیں ہوگا بلکہ ملوثین کو بے نقاب کرکے انہیں قانون کے کٹہرے میں کھڑ ا کیا جانا چاہئے۔نیشنل کانفرنس کے صدر نے کہاکہ تین عام شہریوں کو گھروں سے اٹھا کر ان کا ٹارچر کیا گیا جس وجہ سے ان کی موت واقع ہوئی۔ان کے مطابق بی ایس ایف مین تعینات مقامی نوجوان کے بھائی کو بھی نہیں بخشا گیا۔فاروق عبداللہ نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ پونچھ میں شہری ہلاکتوں میں ملوث افراد کے خلاف سخت سے سخت کارروائی عمل میں لانے کی ضرورت ہے۔