سری نگر// سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) سری نگر کے انسپکٹر جنرل اجے کمار یادو کا کہنا ہے کہ کشمیر میں یوم آزادی کی تقریبات کے پر امن انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے بھر پور انتظامات کئے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہر سال کی طرح امسال بھی یوم آزادی کی تقریبات کو امن و آشتی سے منایا جائے گا۔موصوف آئی جی نے ان باتوں کا اظہار جمعرات کو یہاں مائسمہ میں ایک تقریب کے حاشیئے پر نامہ نگاروں کے ساتھ کیا۔انہوں نے کہا: ‘یوم آزادی کی تقریبات کے پر امن انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے بھر پور بندوبست کیا گیا ہے’۔
ان کا کہنا تھا: ‘ہر سال کی طرح امسال بھی یوم آزادی کی تقریبات کو امن و آشتی سے منایا جائے گا’۔انہوں نے کہا کہ سری نگر میں کئی مقامات پر خصوصی ناکے لگا دئے گئے ہیں۔
مسٹر یادو نے کہا کہ سی آر پی ایف کا ہمیشہ سے ایک اہم رول رہا ہے اور آگے بھی رہے گا۔ ہم نے ہمیشہ سول انتظامیہ اور پولیس کو مدد فراہم کی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ فورسز کسی بھی چلینج کا مقابلہ کرنے کے لئے تیار ہے۔
موصوف آئی جی نے کہا کہ آج یہاں مفت میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا جس دوران لوگوں کا مفت علاج کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ اگر کسی مریض کو خصوصی علاج کی ضرورت ہوگی تو سی آر پی ایف اس کو یقینی بنانے میں بھر پور مدد فراہم کرے گی۔