چنئی// ہیرو ایشین چیمپئنز ٹرافی چنئی 2023 کے لئے ٹکٹوں کی فروخت ہفتہ کو شروع ہو گئی۔
ہاکی کے شائقین اور مداح اب یہاں کے میئر رادھا کرشنن ہاکی اسٹیڈیم کے گیٹ نمبر 1 پر صبح 11.00 بجے سے شام 6.00 بجے کے درمیان ٹکٹ خرید کر ایشیا کی ٹاپ ہاکی ٹیموں کو ٹائٹل کے لیے لڑتے ہوئے دیکھنے کے لیے اپنی نشستیں محفوظ کر سکیں گے۔ اسٹیڈیم کے کلیگنار سینٹینری پویلین لیول ون، ایسٹ اسٹینڈ اور ساؤتھ اسٹینڈ کے لیے ٹکٹ خریدے جاسکتے ہیں۔
3 اگست سے 12 اگست تک ہونے والی ہیرو ایشین چیمپئنز ٹرافی میں ہندوستان کا مقابلہ کوریا، ملیشیا، پاکستان، جاپان اور چین سے ہوگا۔ ٹورنامنٹ کے فارمیٹ کے مطابق، ٹاپ چار ٹیموں کے سیمی فائنل میں پہنچنے سے قبل تمام چھ ٹیمیں راؤنڈ رابن مرحلے میں پانچ میچ کھیلیں گی۔
ہندوستان ٹورنامنٹ کا اپنا پہلا میچ 3 اگست کو چین کے خلاف کھیلے گا۔ ہندوستانی ٹیم کا دوسرا مقابلہ 4 اگست کو جاپان کے خلاف ہوگا جبکہ ایک دن کے آرام کے بعد ہندوستان کا مقابلہ 6 اگست کو ملائیشیا سے ہوگا۔ ہندوستان 7 اگست کو کوریا سے ٹکرائے گا، جب کہ لیگ مرحلے میں ہندوستان کا آخری میچ 9 اگست کو روایتی حریف پاکستان سے ہوگا۔
ہاکی انڈیا کے صدر، ڈاکٹر دلیپ ٹرکی نے ٹکٹوں کی فروخت شروع ہونے پر کہا، "میرا ہمیشہ سے یہ خیال رہا ہے کہ ہاکی قوموں اور شائقین کو یکساں طور پر متحد کرتی ہے۔” ہیرو ایشین چیمپئنز ٹرافی چنئی 2023 کے لئے باکس آفس ٹکٹوں کی فروخت کے آغاز کا اعلان کرتے ہوئے خوشی ہورہی ہے۔ یہ ٹورنامنٹ ٹیلنٹ، ٹیم ورک اور اسپورٹس مین شپ کا ایک شاندار جشن ہونے والا ہے۔ ہم تمام پرجوش ہاکی سے محبت کرنے والوں کو گواہ بننے کے لئے مدعو کرتے ہیں۔
ہاکی انڈیا کے خزانچی اور تمل ناڈو ہاکی یونٹ کے صدر شیکھر جے منوہرن نے کہا، "میں تمل ناڈو میں بین الاقوامی ہاکی کی بحالی کو دیکھ کر خوش ہوں۔ تمل ناڈو حکومت اور ریاست کے نوجوانوں کی بہبود اور کھیلوں کی ترقی کے وزیر تھیرو ادھیانیدھی اسٹالن کی اٹوٹ حمایت کے لئے ہم ان کے شکر گزار ہیں۔ان کے عزم نے اس متحرک ریاست میں ہیرو ایشین چیمپئنز ٹرافی چنئی 2023 کی میزبانی کو ممکن بنایا ہے۔ میں تمل ناڈو کے لوگوں سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ اسٹیڈیم آئیں اور ہماری ہندوستانی ٹیم کو سپورٹ کریں۔