سری نگر// جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے ہفتے کے روز ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے سالانہ شری امرناتھ جی یاترا کے رسمی آغاز کے موقع پر پرتھم پوجا میں شرکت کی۔انہوں نے بابا امرناتھ جی کا آشیرواد اور سب کی اچھی صحت اور تندرستی کی دعا کی۔بتادیں کہ شری امرناتھ جی شرائن بورڈ ہر سال جیشھ پورنیما کے مقدس موقعے پر پوتر گھپا میں پرتھم پوجا کا اہتمام کرتا ہے۔بعد ازاں نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرتے ہوئے موصوف لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ یکم جولائی سے شروع ہونے والی اس یاترا کے لئے ملک بھر سے یاتری آئیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ جموں و کشمیر انتظامیہ اور شرائن بورڈ یاترا کو کامیاب بنانے کے لئے ہر ممکن کوشش کر رہا ہے۔منوج سنہا نے کہا کہ یہ یاترا 31 اگست کو رکشا بندھن کے موقع پر اختتام پذیر ہوگی۔انہوں نے کہامیری تمام لوگوں سے اپیل ہے کہ جس طرح وہ ہر سال اس یاترا کے لئے اپنا بھر پور تعاون دیتے ہیں اسی طرح اس سال بھی دیں گے۔ان کا کہنا تھامجھے امید ہے کہ ملک بھر سے آنے والے یاتریوں کو ایک اچھا تجربہ لے کر کے واپس جائیں گے۔موصوف لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ یاترا سے زیادہ سے زیادہ لوگوں کو روز گار فراہم ہوگا۔انہوں نے کہا کہ جتنے زیادہ سے زیادہ تعداد میں یاتری آئیں گے اس سے یہاں کی معیشت زیادہ مضبوط ہوگی۔یاترا ٹریک کے بارے میں پوچھے جانے پر ان کا کہنا تھایہ سچ ہے کہ اس سال برف باری کافی ہوئی لیکن بی آر او نے اچھے ڈھنگ سے کام کیا ہے اور میں امید کرتا ہوں کہ آنے والے کچھ دنوں میں روڈ پوری طرح سے ٹھیک ہوں گے۔منوج سنہا نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا: ‘پوری دنیا کے لاکھوں عقیدت مندوں کے لیے بابا امرناتھ کے پوتر گھپا کی زیارت کرنا زندگی بھر کا خواب ہے۔انہوں نے ایک اور ٹویٹ میں کہا: ‘شری امرناتھ جی شرائن بورڈ کے اہلکار اس بات کو یقینی بنانے کے لیے سخت محنت کر رہے ہیں کہ یاترا کے دوران عقیدت مندوں کی ضروریات کا خیال رکھا جائے۔ ہم یاتریوں کے لیے بہتر سہولیات اور خدمات فراہم کرنے کے لیے مسلسل کوشاں ہیں۔