سری نگر//جموں وکشمیر کی گرمائی راجدھانی سری نگر میں جی ٹونٹی اجلاس کو پر امن انعقاد کی خاطر پولیس اور سیول انتظامیہ سے وابستہ سینئر آفیسران کی ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ منعقد ہوئی جس دوران کئی اہم فیصلے لئے گئے۔پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس کشمیر رینج وجے کمار، صوبائی کمشنر کشمیر وجے کمار بدھوری کی سربراہی مین سری نگر میں ایک اعلیٰ سطحی سیکورٹی میٹنگ منعقد ہوئی جس دوران جی ٹونٹی کے حوالے سے کئے جارہے سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔میٹنگ میں ڈی آئی جی سینٹرل کشمیر ، ایس ایس پی سری نگر، سری نگر ضلع کے تمام ایس پیز، ایس ڈی پی اوز ، ضلع ترقیاتی کمشنر سری نگر ، اے ڈی سی ، ایس ڈیم ای ، سھی تحصیلدار اور نائب تحصیلداروں نے شرکت کی۔میٹنگ کے دوران اے ڈی جی پی اورصوبائی کمشنر کشمیر کو جی ٹونٹی سربراہی اجلاس کے پر امن انعقاد کے لئے کئے جا رہے ضروری انتظامات کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔سیکورٹی میٹنگ سے خطاب کے دوران اے ڈی جی پی وجے کمار اور صوبائی کمشنر کشمیر نے میٹنگ میں شریک آفیسران کو ہدایت دی کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ جی ٹونٹی اجلاس سے قبل پختہ سیکورٹی انتظامات کئے جائیں۔انہوں نے آفیسران کو ہدایت دی کہ جی ٹونٹی اجلاس کے دوران ملک دشمن عناصر کے منصوبوں کو ناکام بنانے کی خاطر حساس مقامات پر حفاظتی اقدامات کو مزید سخت کرنے کی ضرورت ہے۔اس کے علاوہ آفیسران کو احکامات جاری کئے گئے کہ ملی ٹینٹوں کی نقل وحرکت کو روکنے کی خاطر رات کے اوقات میں مشترکہ گشت کو بھی یقینی بنایا جائے۔انہوں نے بتایا کہ سیول اور پولیس آفیسران کے درمیان قریبی تال میل ناگزیر ہے۔انہوں نے سیول انتظامیہ کو یہ بھی ہدایت دی کہ وہ اپنے ماتحت والے علاقوں میں پولیس آفیسران کے ساتھ قریبی رابطے میں رہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔میٹنگ کے دوران سری نگر ضلع کے تمام مجسٹریٹس اور پولیس آفیسران کو ہدایت دی گئی کہ افواہ پھیلانے والوں کی نشاندہی کرکے ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے جبکہ احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد پر بھی زور دیا گیا۔میٹنگ میں شریک سیول اور پولیس آفیسران کو یہ بھی ہدایت دی گئی کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ جی ٹونٹی اجلاس کے دوران عوام کو کسی قسم کی پریشانیوں کا سامنا نہ کرناپڑے اور یہ کہ فیلڈ آفیسران کا عوام کے ساتھ رویہ شائستہ ہونا چاہئے۔دریں اثنا ذرائع نے یو این آئی اردوکو بتایا کہ سری نگر کے کنٹرول روم میں پولیس اور سیول آفیسران کے درمیان جی ٹونٹی کے حوالے سے منعقدہ میٹنگ کے دوران کئی اہم فیصلے لئے گئے ہیں۔ذرائع کے مطابق میٹنگ کے دوران رات کا گشت تیز کرنے، سماج دشمن اور ملک دشمن عناصر کے منصوبوں کو ناکام بنانے کی خاطر ناکوں کا جال بچھانے اور سابق ملی ٹینٹوں اور سنگبازوں پر خصوصی نظر گزر رکھنے کی بھی ہدایت دی گئی ہے۔ذرائع نے مزید بتایا کہ میٹنگ کے دوران پولیس اور سیول انتظامیہ سے وابستہ آفیسران کو حکم دیا گیا کہ جی ٹونٹی اجلاس کے پیش نظر سبھی آفیسران مستعد رہے تاکہ سماج دشمن عناصر کے ارادوں کو ناکام بنایا جا سکے۔