سری نگر//فوج کی شمالی کمان کے جنرل آفیسر کمانڈنگ ان چیف لیفٹیننٹ جنرل اوپندرا دیویدی کا کہنا ہے کہ فوج لداخ میں حقیقی کنٹرول لائن پر چین کی طرف سے کسی بھی جارحانہ عمل کا موثر جواب دینے کے لئے تیار ہے۔
انہوں نے کہا کہ لائن آف ایکچول کنٹرول (ایل اے سی) کی صورتحال کو سفارتکاری اور آپریشنل سطحوں پر حل کرنے کے لئے بھی بہ یک وقت اقدام جاری ہیں۔
موصوف جی او سی نے ان باتوں کا اظہار منگل کے روز یہاں بادامی باغ میں ایک تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا: ’ہندوستانی مسلح فوج کا ایل اے سی پر چین کی طرف سے جمود یکطرفہ طور پر تبدیل کرنے کی کوششوں کا جواب تیز، بے خوف اور ہم آہنگی سے بھر پور تھا‘۔
ان کا کہنا تھا: ’کسی بھی جارحانہ ڈیزائن یا کوششوں کا یقینی طور پر فورسز کی مناسب پوزیشننگ اور تینوں سروسز کے درمیان مکمل ہم آہنگی کے ساتھ مضبوط ارادے کے ساتھ جواب دیا جائے گا‘۔
مسٹر اوپندرا دیویدی نے کہا کہ لائن آف ایکچول کنٹرول (ایل اے سی) کی صورتحال کو سفارتکاری اور آپریشنل سطحوں پر حل کرنے کے لئے بھی بہ یک وقت اقدام جاری ہیں۔
انہوں نے کہا: ’میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ مشرقی لداخ میں ایل اے سی پر فزیکل گشت اور تکنیکی ذرائع سے غلبہ حاصل کیا جا رہا ہے اور علاقائی سالمیت کو یقینی بنایا جا رہا ہے‘۔
ان کا کہنا تھا: ’دو طرفہ تعلقات میں پیش رفت کو یقینی بنانے کے لئے امن وسکون کی بحالی کے لئے ہماری مسلسل کوششیں جاری ہیں اور جاری رہیں گی‘۔
موصوف لیفٹیننٹ جنرل نے کہا کہ شمالی کمان مسلسل بڑھتے ہوئے خطرات اور چلینجز کا مقابلہ کرنے کے لئے تیار ہے اور ہمارے حوصلے بھی بلند ہیں۔
انہوں نے کہا: ’جموں و کشمیر اور لداخ یونین ٹریٹریوں میں سیکورٹی صورتحال خطے اور آپریشنل کارروائیوں میں بہت سے چلینجز کا سامنا کرتی ہے قوم کے جمہوری اقدار کو بر قرار رکھتے ہوئے ہم ملک کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لئے پر عزم ہیں‘۔
ان کا کہنا تھا کہ قومی مفادات کے دفاع کے لئے تمام تر ضروری اقدام کریں گے اور اس کے لئے ہم مسلسل نگرانی کر رہے ہیں اور تمام پیش رفت پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہیں۔
موصوف لیفٹیننٹ جنرل نے کہا کہ بھارتی فوج مستقبل میں بھی کسی بھی چلینج کا مقابلہ کرنے کے لئے تیار ہے اور خطے کے لوگوں کی بہتری کے لئے ہمیشہ کام کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ دفعہ370 کی تنسیخ، گلوان وادی تنازعے اور کورونا کی لہروں کے تناظر میں گذشتہ دو برسوں کے دوران نئے چلینجز ابھر کر سامنے آئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا: ’تاہم ان چلینجوں سے ہمارے حوصلے اور ثابت قدمی مزید مستحکم ہوئے ہیں‘۔
شمالی کمان کے کمانڈر نے کہا کہ لائن آف کنٹرول پر صورتحال مستحکم ہے۔
انہوں نے کہا کہ در اندازی کی کسی بھی کوشش کو ناکام بنانے کے لئے سرحد پر انتہائی نگرانی رکھی جا رہی ہے اور مضبوط ٹیکنالوجی کے ساتھ ملٹی ٹائرڈ در اندازی مخالف گرڈ قائم کیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ دشمن کی طرف سے دراندازی کی کوششیں کرنے، جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرنے کی کوششوں کا بھر پور جواب دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ سال گذشتہ در اندازی کی کئی کوششوں کو ناکام بنا دیا گیا۔
لیفٹیںنٹ جنرل دیویدی نے کہا کہ روس- یوکرین جنگ سے کئی سبق حاصل کئے ہیں۔
انہوں نے شمالی کمان کے جملہ رینکس سے تاکید کی وہ سیکورٹی محاذ پر سامنے آنے والے مختلف اندرونی و بیرونی چلینجز کا مقابلہ کرنے کے لئے تیار رہیں۔
قبل ازیں موصوف کمانڈر نے شمالی کمان میں تعینات نامزد بٹالینوں میں قوم کی علاقائی سالمیت کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے تعریفی اسناد تقسیم کیں۔