نئی دہلی// کانگریس نے جموں و کشمیر کے ریاستی صدر غلام احمد میر کی چھٹی کرکے ریاستی کانگریس کی کمان سینئر لیڈر وقار رسول وانی کو سونپ دی ہے، ان کے ساتھ سینئر لیڈر رمن بھلا کو ورکنگ صدر اور غلام نبی آزاد کو پبلسٹی کمیٹی کا سربراہ مقررکیا ہے۔کانگریس کے جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال نے آج یہاں کہا کہ پارٹی صدر سونیا گاندھی نے جموں و کشمیر کے لیے مہم کمیٹی، سیاسی امور کی کمیٹی، رابطہ کمیٹی، منشور کمیٹی، پبلسٹی کمیٹی، تادیبی کمیٹی اور ریاستی انتخابی کمیٹی بھی تشکیل دی ہے۔انہوں نے کہا کہ مسٹر آزاد کی قیادت میں 11 رکنی مہم کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جس میں طاریق حمید قرہ کو نائب صدر اور جی ایم سروری کو کنوینر بنایا گیا ہے۔ سینئر لیڈر غلام احمد میر، تاراچند، ٹھاکر بلوان سنگھ، ٹی ایس باجوہ، شبیر خان، نیرج کندن، عبدالمجید وانی اور فیروز خان کو اس کا ممبر بنایا گیا ہے۔سیاسی امور کی کمیٹی کی سربراہی مسٹر کارا جبکہ رابطہ کمیٹی کی سربراہی غلام احمد میر کر رہے ہیں۔ سینئر لیڈر سیف الدین سوز کو منشور کمیٹی کا چیئرمین، یم کے بھردواج کو نائب صدر اور رویندر شرما کو اس کا کنوینر مقرر کیا گیا ہے۔ سینئر لیڈر مولارام کو انتخابی مہم کمیٹی کا چیئرمین اور یس یس چنی کو نائب صدر مقرر کیا گیا ہے۔