سری نگر//جموں وکشمیر پولیس نے جمعرات کے روز دعویٰ کیا کہ فروٹ منڈی کراسنگ ہندواڑہ کے نزدیک سیکورٹی فورسز نے تین ملی ٹینٹوں کو اسلحہ وگولہ بارود سمیت گرفتار کیا ہے۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ جمعرات کے روز 21 آر آر، 92 بٹالین سی آر پی ایف اور پولیس نے مشترکہ طورپر فروٹ منڈی کراسنگ ہندواڑہ کے نزدیک ناکہ لگایا۔انہوں نے بتایا کہ ناکہ چیکنگ کے دوران تین افراد نے راہ فرار اختیار کرنے کی کوشش کی تاہم سیکورٹی فورسز نے پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر تینوں کو حراست میں لے لیا اور دوران تلاشی اْن کے قبضے سے ایک پستول، ایک پستول میگزین، سات گولیوں کے راونڈاور دو گرینیڈ برآمد کرکے ضبط کئے گئے۔پولیس ذرائع نے مزید بتایا کہ ابتدائی تحقیقات کے دوران معلوم ہوا ہے کہ گرفتار جنگجو ہندواڑہ میں حملوں کی فراق میں تھے تاکہ علاقے میں امن و امان کو درہم برہم کیا جاسکے۔انہوں نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں ایک بڑے حادثے کو رونما ہونے سے پہلے ہی ٹالا گیا۔پولیس نے گرفتار شدگان کی شناخت منظور احمد کمار ولد عزیز کمار ساکن سگی پورہ ، شوکت احمد بٹ ولد مشتاق احمد ساکن کھانیو بابا گنڈ کے بطور کی جبکہ پولیس نے بتایا کہ تیسرے ملی ٹینٹ کی شناخت اْس کی عمر دریافت کرنے کے بعد ہی منظر عام پر لائی جائے گی۔پولیس نے اس ضمن میں ایف آئی آر 23اور 7/25آرمز ایکٹ کے تحت کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ہے۔