سری نگر//پولیس کا کہنا ہے کہ جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام کے ہادی گام علاقے میں بدھ کی علی الصبح چھڑنے والی ایک تصادم آرائی کے دوران دو مقامی جنگجوؤں نے سرنڈر کیا۔کشمیر زون پولیس نے اپنے ٹویٹر ہینڈل پر ایک ٹویٹ میں کہا: ’کولگام کے ہادی گام علاقے میں انکاؤنٹر کے دوران دو مقامی جنگجوؤں نے اپنے والدین کی اپیل پر سرنڈر کیا‘۔ٹویٹ میں مزید کہا گیا کہ سرنڈر کرنے والے جنگجوؤں کی تحویل سے اسلحہ و گولہ بارود کے علاوہ قابل اعتراض مواد بھی بر آمد کیا گیا۔ایک پولیس عہدیدار کے مطابق مذکورہ جنگجوؤں نے حال ہی میں لشکر طیبہ نامی جنگجو تنظیم میں شمولیت اختیار کی تھی۔ پولیس کے ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ جنوبی ضلع کولگام کے ہادی گام میں جنگجووں کے چھپے ہونے کی ایک خاص اطلاع موصول ہونے کے بعد سیکورٹی فورسز نے منگل اور بدھ کی درمیانی رات علاقے کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا۔ انہوں نے بتایا کہ جوں ہی سیکورٹی فورسز کے اہلکار مشتبہ مقام کے نزدیک پہنچے تو وہاں پر موجود جنگجووں نے فورسز پر فائرنگ شروع کی تاہم سیکورٹی فورسز نے پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو بروئے کا رلا کر رہائشی مکان میں موجود ملی ٹینٹوں کو زندہ نکالنے کی خاطر اُن کے والدین کو طلب کیا اور کافی دیر سمجھانے بجھانے کے بعد دونوں مقامی ملی ٹینٹوں نے سیکورٹی فورسز کے سامنے سرینڈر کیا۔