نئی دہلی//مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا ہے کہ مرکزی حکومت ملک کی اندرونی اور بیرونی سلامتی کو سب سے زیادہ اہمیت دیتی ہے اور جرائم کا پتہ لگانے نیز روک تھام کے نظام کو مضبوط بنانے اور موثر قوانین کے ذریعے فلاح و بہبود کے لیے پرعزم ہے۔مسٹر شاہ کی صدارت میں گجرات کے کیوڑیا میں ’فورنسک سائنس کی صلاحیتیں: بروقت اورسائنسی تحقیقات کے لئے مضبوطی‘ کے موضوع پر وزارت داخلہ سے منسلک پارلیمانی مشاورتی کمیٹی کی میٹنگ ہوئی۔ میٹنگ میں ملک میں دستیاب فورینسک سائنسی صلاحیتوں، خاص طورپر فورنسک تحقیقات پرفوجداری نظام انصاف کے بڑھتے ہوئے انحصار کو مدنظر رکھتے ہوئے جامع جائزہ لیاگیا۔مسٹرشاہ نے کہا کہ وزارت داخلہ 90 فیصد تک سزا کی شرح حاصل کرنے اور ملک میں ایک شہری دوست اور موثر مجرمانہ انصاف کا نظام فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے مجرموں کی طرف سے ٹیکنالوجی کے استعمال کے پیش نظر تفتیشی ایجنسیوں کو ان سے ایک قدم آگے رہنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ مودی حکومت ریاستی حکومتوں کے ساتھ پولیس تفتیش، پراسیکیوشن کے شعبے میں اصلاحات کے لیے تین جہتی نقطہ نظر پر کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹارگٹڈ سزا کی شرح حاصل کرنے کے لئے ٹیکنالوجی اور شواہد پر مبنی تحقیقات پر توجہ مرکوز کرنے کا یہ صحیح وقت ہے۔