سوپور //شمالی کشمیر ے ضلع بارہمولہ کے ڈگری کالج سوپور میں سرینگر کی ایک غیر سرکاری تنظیم نے منشیات کے مضر اثرات سے عوام خاص کر نوجوانوں کو آگاہ کرنے کی غرض سے ایک آگاہی پروگرام کا انعقاد عمل میں لایا۔ آگاہی پروگرام میں کالج کے عملہ و طلبہ سمیت سیول سوسائٹی ممبران کو بھی مدعو کیا گیا تھا۔پروگرام کے دوران مقررین نے منشیات کے مضر اثرات پر مقالات پڑھے وہیں منشیات کے بڑھتے رجحان کو کم کرنے اور لوگوں خاص کر طلبہ کو منشیات سے دور رہنے کی تلقین کی گئی۔ مقررین نے منشیات کے بڑھتے رجحان کو کم کرنے اور لوگوں کو منشیات سے دور رکھنے کے حوالے سے نوجوانوں کو اپنا کلیدی کردار ادا کرنے کی تلقین کی۔ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے منتظمین نے بتایا کہ’’منشیات کے حوالے سے آگاہی پروگرام روٹین عمل بن چکا ہے، تاہم اس حوالے سے روایتی طور ہٹ کر اور سنجیدہ اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔‘‘انہوں نے مزید کہا کہ منشیات سمیت دیگر سماجی برائیوں میں ملوث افراد کے لیے انکی این جی او نے سرینگر میں ایک کاؤنسلنگ سنٹر قائم کیا ہے اور اب اس کی ایک شاخ سوپور میں قائم کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔