سری نگر//جموں و کشمیر کے ضلع رام بن میں سری نگر- جموں قومی شاہراہ پر ایک ٹرک گہری کھائی میں گرجانے سے اس کا ڈرائیور بر سر موقع ہی لقمہ اجل بن گیا جبکہ راجوری سڑک حادثے میں ایک خاتون از جان اور دو دیگر زخمی ہوئے۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ رام بن میں سری نگر – جموں قومی شاہراہ پر خونی نالے کی نزدیک بدھ کی صبح ایک ٹرک گہری کھائی میں جا گری جس کے نتیجے میں ٹرک ڈرائیور کی برسر موقع ہی موت واقع ہوئی۔متوفی ڈرائیور کی شناخت فی الوقت معلوم نہیں ہوسکی ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹرک جموں سے سری نگر جا رہی تھی اور اس میں الیکٹرک کھمبے بھرے ہوئے تھے۔ان کا کہنا تھا کہ حادثہ پیش آتے ہی پولیس اور کیو آر ٹی رضا کاروں نے بچاؤ آپریشن شروع کر دیا اور لاش کو کھائی سے باہر نکالا۔مذکورہ ذرائع نے کہا کہ بعد میں لاش کو قانونی و طبی لوازمات کی ادائیگی کے لئے ضلع ہسپتال رام بن منتقل کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ حادثے میں ٹرک پوری طرح سے تباہ ہوگئی ہے۔ادھر جموں و کشمیر کے ضلع راجوری میں بدھ کی صبح ایک سڑک حادثے میں ایک خاتون از جان جبکہ دو دیگر مسافر زخمی ہوگئے۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ راجوری کے ترالہ ریحان علاقے میں بدھ کی صبح ایک پرائیویٹ گاڑی حادثے کا شکار ہوگئی جس کے نتیجے میں ایک خاتون کی بر سر موقع ہی موت واقع ہوئی جبکہ دو دیگر زخمی ہوگئے۔متوفی خاتون کی شناخت شہناز اختر جبکہ زخمیوں کی شناخت نازیہ اختر اور اخلاق حسین کے بطور ہوئی ہے۔زخمیوں کو علاج و معالجے کے لئے گورنمنٹ میڈیکل کالج راجوری منتقل کیا گیا ہے۔دریں اثنا پولیس نے اس ضمن میں ایک کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ہیں۔