سرینگر//صحت اور خاندانی بہبود کے مرکزی وزیر منسکھ منڈاویہ نے آج آیوشمان بھارت ہیلتھ اینڈ ویلنس سینٹر کے مستفیدین کے ساتھ بات چیت کی اور جموں و کشمیر سمیت 8 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں سے ٹیلی مشاورت کی ۔ فائدہ اٹھانے والوں میں غلام رسول ڈار ( 70 ) جو کہ صحت اور تندرستی کے مرکز ( سب سنٹر ) شلورہ بلاک کرالپورہ ضلع کپواڑہ جے اینڈ کے میں ہائی بلڈ پریشر کے مریض ہیں ۔ صحت اور تندرستی کا مرکز ( سب سنٹر ) شلورہ لائین آف کنٹرول کے قریب واقع ہے ۔ ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے مریضوں کی بات چیت آیوشمان بھارت ہیلتھ اینڈ ویلنس سنٹر کی چوتھی سالگرہ کی تقریب کا ایک حصہ تھی ۔ صحت اور خاندانی بہبود کے مرکزی وزیر کے ساتھ اپنے تجربے کا اشتراک کرتے ہوئے مسٹر غلام رسول ڈار نے کہا ’’ آیوشمان بھارت اسکیم نے نچلی سطح پر صحت کی دیکھ بھال کے نظام میں انقلاب برپا کر دیا ہے ۔ پہلے میں طبی سہولیات حاصل کرنے کیلئے 10 کلو میٹر سے زیادہ کا سفر کرتا تھا لیکن اب سہولیات دہلیز پر دستیاب ہیں ۔ ٹیلی کنسلٹیشن کی سہولت کے ساتھ ، میں میڈیکل کالج میں تعینات ماہرین سے مفت مشاورت حاصل کر رہا ہوں جو میرے گھر سے تقریباً 150 کلو میٹر دور ہے اورڈسٹرکٹ ہسپتال کپواڑہ کے ماہرین سے جو میرے گاؤں سے تقریباً 15-20 کلو میٹر دور ہے ۔ میں واقعی سی ایچ او میڈم کا شکر گذار ہوں کہ انہوں نے ہر قسم کا تعاون فراہم کیا اور ہمارے لئے تمام مفت ادویات اور تشخیصی آلات کی دستیابی کو یقینی بنایا ۔ مرکزی وزیر نے ایچ ڈبلیو سی تصور کے موثر نفاذ میں تمام اسٹیک ہولڈرز کے تعاون کی تعریف کی اور عام اور پسماندہ لوگوں کے لئے بنائے گئے پروگراموں پر زیادہ توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیا ۔ آیوشمان بھارت ہیلتھ اینڈ ویلنس سنٹر کی سالگرہ کی تقریب میں مشن ڈائریکشن ، نیشنل ہیلتھ مشن ، یاسین ایم چودھری ، ڈپٹی کمشنر کپواڑہ امام الدین ، ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر ڈاکٹر مشتاق احمد ، چیف میڈیکل آفیسر کپواڑہ ڈاکٹر بشیر احمد اور سٹیٹ نوڈل آفیسر ڈاکٹر محمد شفیع کوکا سمیت یو ٹی اور ضلعی سطح کے دیگر معززین نے شرکت کی ۔