پٹن ،مٹن//شمالی کشمیر کے بارہمولہ ضلع کے سب ڈویژن پٹن کے سلطان پورہ گائوںمیں بدھ کو ایک24سالہ نوجوان پراسرار حالات میں مردہ پایا گیا۔ذرائع نے بتایا کہ24سالہ محمد یاسین یتو ولد عبدالحمید یتو ساکنہ سلطان پورہ پٹن کو بدھ کے روز اپنے گھر میں پراسرار حالات میں مردہ پایا گیا۔انہوں نے بتایا کہ اس کی لاش دیکھ کر اہل خانہ اور مقامی لوگوں نے مقامی پولیس تھانہ کو اطلاع دی اور اس کے بعد پولیس کی ایک ٹیم معاملے کا پتہ لگانے کیلئے موقع پر پہنچ گئی۔پولیس نے کہا کہ اس معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے۔اس دوران جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں بدھ کے روز بجلی لائن کی مرمت کے دوران محکمہ بجلی کیساتھ کام کرنے والا ایک 28 سالہ کیجول لیبر کی کرنٹ لگنے سے موت ہو گئی ہے۔ذرائع نے بتایاکہ محکمہ بجلی کا کیجول لیبر28سالہ شبیر احمد خان ولد محمد اقبال خان ساکنہ چیک ایشرداس مٹن کو ونتراگ کہری بل میں بجلی کی لائن کی مرمت کے دوران کرنٹ لگ گیا۔ اسے فوری طور پر پبلک ہیلتھ سینٹر (پی ایچ سی) مٹن منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔ پولیس نے نوجوان کیجول لیبر کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایاکہ اس واقعے کافوری نوٹس لیکر کارروائی شروع کردی گئی ۔