سرینگر//چنار کارپس کے کمانڈنگ آفیسر لیفٹیننٹ جنرل ڈی پی پانڈے نے اپنی نوعیت کے پہلے اقدام کے تحت بارہمولہ میں سابق جنگجوئوں کے ساتھ ایک ملاقات کے دوران موجودہ حالات و حاظرہ پر بات چیت کی ۔ اس موقعے پر انہوں نے وادی میں سرگرم جنگجوئوں سے اپیل کی کہ وہ ہتھیار ڈال کر اپنی زندگی کو بہتر بنائیں اور امن وسلامتی اور تعمیر و ترقی میں اپنا رول نبھائیں۔ وادی میں تعینات فوج کی 15ویں کور کے جنرل آفیسر کمانڈنگ (جی او سی) لیفٹیننٹ جنرل ڈی پی پانڈے نے پہلی بار بارہمولہ ضلع کے سوپور قصبے کا دورہ کیا۔جہاں انہوںنے اپنی نوعیت کے پہلے اقدام کے تحت سابق جنگجوئوں کے ساتھ بات چیت کی ۔ اس موقعے پرانہوں نے سابق ملیٹنٹوں کے ساتھ وادی کشمیر کی موجودہ صورتحال کے حوالے سے بات کی اور اس بات پر اطمینان کااظہار کیا کہ سابق جنگجو اس وقت اپنی زندگی پُر امن طریقے سے گزاررہے ہیں اور اپنے اہل و عیال کا پیٹ پال رہے ہیں۔ اس موقعے پر پانڈے نے وادی میں سرگرم جنگجوئوں سے کہا ہے کہ وہ تشدد کا راستہ ترک کریں اور قومی دھارے میں شامل ہوکر جموں کشمیر میں امن و سلامتی اور تعمیر و ترقی میں اپنا رول اداکریں۔ انہوں نے اس موقعے پر کہا کہ وادی کشمیر میں امن کا ماحول ہے، جب کہ سیکورٹی گرڈ بھی کسی بھی قسم کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔سوپور میں سی آر پی ایف کے بنکر پر حالیہ پٹرول بم حملے کے بارے میں پوچھے جانے پر انہوں نے کہا کہ ایسے حملوں پر قابو پانا اسی وقت ممکن ہے جب معاشرہ اس اتحاد کے خلاف اٹھ کھڑا ہو جو کشمیر میںتشددکو فروغ دینے کی کوشش کر رہا ہے۔کشمیر فائلز پر ڈی پی پانڈے نے کہا کہ یہاں کئی کشمیری پولیس والوں نے بھی اپنی جانیں دی ہیں۔ اس کی کہانی کو بھی سامنے لایا جائے۔ جب تک میڈیا اس بات کو بے نقاب نہیں کرتا کہ ایک ملیٹنٹوں نے ایک کشمیری کو مارا ہے تب تک تبدیلی نہیں آئے گی۔