سری نگر//وادی کشمیر کو ملک کے باقی حصوں کے ساتھ جوڑنے والی270 کلو میٹر طویل سری نگر- جموں قومی شاہراہ پر سمرولی کے نزدیک بھاری بھر کم مٹی کا تودا کھسک آنے کے باعث بدھ کی شام کو اس شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حمل بند کردی گئی ہے۔تاہم متعلقہ حکام کا کہنا ہے کہ شاہراہ پر ملبے کو ہٹانے کے لئے مشینری اور نفری کو کام پر لگا دیا گیا تاکہ کم سے کم وقت میں ٹریفک کی آمد و رفت کو بحال کیا جاسکے۔ایک ٹریفک پولیس عہدیدار نے کہا کہ سری نگر – جموں قومی شاہراہ پرسمرولی علاقے میں بھاری بھر کم مٹی کا تودا کھسک آیا ہے جس کے باعث شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حمل روک دی گئی ہے۔انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ شاہراہ پر ملبہ ہٹانے سے پہلے سفر کرنے سے اجتناب کریں۔ان کا کہنا تھا کہ شاہراہ سے ملبہ ہٹانے کے لئے مشینری اور نفری کو کام پر لگا دیا گیا ہے تاکہ ٹریفک کی نقل و حمل کو بحال کیا جا سکے۔آخری اطلاعات موصول ہونے تک ملبہ ہٹانے کا کام جاری تھا۔