نئی دہلی//وزیر اعظم نریندر مودی نے قوم کی تعمیر کے مقاصد کو حاصل کرنے کے لئے اجتماعی کوششوں کی ضرورت پر زور دیتے ہوئےاتوار کو کہا کہ ہندوستان کا رجحان کبھی بھی حکومت کے ذریعہ ہر کام کرنے کا نہیں رہا ہے۔آج یہاں اہنسا یاترا کے پورے پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر مودی نے کہا ’’ ہندوستان کا رجحان کبھی بھی حکومت کے ذریعہ ہر کام کرنے کا نہیں رہا ہےیا جو اقتدار میں ہیں وہ سب کچھ کریں گے۔ یہ ہندوستان کی فطرت کبھی نہیں رہی۔ ہمارے ملک میں سیاسی، روحانی اور سماجی حقوق نے یکساں رول ادا کیا ہے۔ ملک میں فرض ہمارا مذہب رہا ہے‘‘۔
وزیر اعظم نے تیراپنتھ آچاریہ مہاشرمن جی اور ان کے تمام شاگردوں کو 18000 کلومیٹر کا تاریخی سفر سات سالوں میں مکمل کرنے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ آچاریہ مہاشرمن جی نے یاترا کے ذریعے وسودھیو کٹمبکم کے خیال کو آگے بڑھایا اور آچاریہ مہاشرمن جی نے سماج میں اخلاقی اقدار کے لیے کام کیا ہے۔ انہوں نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ سماج کو منشیات اور اس جیسی دیگر برائیوں سے نجات دلانے کے لیے لاکھوں لوگ آچاریہ جی کے مشن میں شامل ہوئے۔وزیر اعظم نے شویتامبرا تیراپنتھ کے ساتھ اپنی طویل وابستگی کابھی ذکر کیا اور اپنے پہلے بیان کو بھی یاد کیا کہ ‘‘یہ تیرا پنتھ ہے، یہ میرا پنتھ ہے – یہ تیراپنتھ میرا راستہ ہے۔’’وزیر اعظم نے 2014 میں لال قلعہ سے جھنڈی دکھاکر روانہ کی جانے والی ’پد یاترا‘ کی اہمیت کو اجاگر کیا اور اس اتفاق کا ذکر کیا کہ انہوں نے خود اسی سال ہندوستان کے وزیر اعظم کے طور پر عوامی خدمت اور عوامی بہبود کے اپنے نئے سفرکا آغاز کیا تھا۔ جناب مودی نے پد یاترا کے تھیم یعنی ہم آہنگی، اخلاقیات اور لگن کی بھی ستائش کی۔ انہوں نے کہا کہ حقیقی خود شناسی صرف اسی صورت میں ممکن ہے جب کسی بھی قسم کی لت نہ ہو۔ لت سے آزادی خود کو کائنات کے ساتھ ضم کرنے کا باعث بنتی ہے اور سب کی فلاح و بہبود کا احساس ہوتا ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ آج آزادی کے امرت مہوتسو کے درمیان، ملک خود سے بالاتر ہو کر سماج اور قوم کے تئیں فرض کی ادائیگی کا مطالبہ کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک سب کا ساتھ، سب کا وکاس، سب کا وشواس اور سب کا پریاس کے احساس کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے۔ وزیر اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ ہندوستان کا رجحان کبھی بھی حکومت کے ذریعہ ہر کام کرنے کا نہیں رہا ہے اور یہاں حکومت، سماج اور روحانی اتھارٹی کا ہمیشہ یکساں کردار رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک فرض کے راستے پر چلتے ہوئے اپنے وعدوں کو پورا کرنے کے لیے اس جذبے کی عکاسی کر رہا ہے۔