وادی میں سیاحوں کی تعداد میںاضافہ سیاحتی مقامات پر رونق لوٹ آئی سرینگر / / وادی کشمیر میں گزشتہ برسوں کے مقابلے میں امسال خاص کر موسم سرما میں سیاحوںکی بڑی تعداد وادی کارُخ کیا جبکہ ان دنوں میں سیاحوں کی بھاری تعداد کشمیر وارد ہو رہی ہے جس کے نتیجے میں سیاحت سے وابستہ افراد میںخوشی کی لہر پائی جا رہی ہے ۔ اور ان دنوں ہاوس بوٹوں ، ہوٹلوںاور دیگر رہائشی عمارتوں میں سیاحوں کی بڑی تعداد موجود ہے ۔ گزشتہ چھ ماہ سے وادی کشمیر میں سیاحت میں نئی روح آئی ہے اور سیاحت سے وابستہ افراد انتہائی خوش نظر آ رہے ہیں ۔ موسم بہار کی آمد کے ساتھ ہی وادی کے مختلف سیاحتی مقامات جن میں گلمرگ، سونہ مرگ ، مغل باغات ، جھیل ڈل میں سیاحوں کی کافی تعداد جارہی ہے اس کے ساتھ ساتھ پہلگام میں بھی ان دنوں غیر ملکی اور ملکی سیاحوں کی بڑی تعداد موجود ہے اور یہاں کے تمام ہوٹل اور دیگر رہائشی عمارتیں بھر چکی ہیں جہاں پر اب جگہ نہیں ہے ۔ اس کے علاوہ پیشگی بُکنگ کا سلسلہ بھی جاری ہے ۔اس کے ساتھ ساتھ شہر آفاق جھیل ڈل اور نگین جھیلوں میں موجود ہاوس بوٹوں میں بھی سیاح کافی تعداد میں موجود ہیں اور اس کیلئے پیشگی بُکنگ کی جارہی ہے ۔ ادھر پہلگام میں کافی عرصہ بعد سیزن شروع ہونے پر مقامی لوگوں اور سیاحت سے جڑے افراد ، تاجروں ، گھوڑے والوں ، پونے والوں ، ہوٹل اور رستوران مالکان نے مسرت کااظہار کرتے ہوئے بتایا ہے کہ تین برس بعد یہاں پر ایک بار پھر سرمائی سیاحتی سیزن شروع ہوچکا ہے ۔ انہوںنے بتایا کہ گزشتہ تین برسوں میں موسم سرماء میں یہاں پر کوئی نہیں آرہا تھا جس کے نتیجے میں لوگوں کو کافی ذہنی پریشانی لاحق تھی کیوں کہ پہلگام کی 90فیصدی آبادی سیاحت سے جڑی ہوئی ہے اور یہی ان کا روز گار ہے ۔دریں اثناء محکمہ ٹورازم کی جانب سے بھی سیاحت کو پروان چھڑانے کیلئے کئی طرح کے اقدامات اُٹھائے جارہے ہیں۔