سری نگر//جموں و کشمیر ہفتہ کوبھی ہلکی بارش، برفباری کے ساتھ موسم ابر آلود رہا جبکہ محکمہ موسمیات نے 2 مارچ تک عمومی طور پرموسم ابر آلود موسم کی پیش گوئی کی ہے۔ ہفتہ کو محکمہ موسمیات کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ جموں و کشمیر اور لداخ میں2 مارچ تک موسم جزوی طور پر عام طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے اور اگلے 5 دنوں کے دوران کسی اہم موسمی تغیروتبدل کی کوئی پیش گوئی نہیں کی گئی ہے۔محکمہ موسمیات نے کہا کہ اس دوران کہیں کہیں ہلکے درجے کی برف باری یا بارشیں بھی ہوسکتی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ تاہم کسی بھاری برف باری کا کوئی امکان نہیں ہے۔محکمہ موسمیات نے مزید کہا کہ گرمائی دارلحکومت سری نگر جہاں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 4.6 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی جبکہ جمعہ اورسنیچر کی درمیانی رات شہر سری نگر میں کم سے کم درجہ حرات 1.8ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ جہاں دوران شب 15.2 سینٹی میٹر تازہ برف جمع ہوئی ، میں جمعہ اورسنیچر کی درمیانی رات کم سے کم درجہ حرارت منفی7.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ جنوبی کشمیرمیں واقع معروف سیاحتی مقام پہلگا م میں جمعہ اورسنیچر کی درمیانی رات کم سے کم درجہ حرارت منفی0.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ۔اُدھرمرکزی زیرانتظام علاقہ میں بھی محکمہ موسمیات نے 2 مارچ تک عمومی طور پرموسم ابر آلود موسم کی پیش گوئی کی ہے۔لداخ کے دراس علاقہ میں جمعہ اورسنیچر کی درمیانی رات کم سے کم درجہ حرارت منفی7.9 ڈگری اور لیہہ میں منفی 6.6 درج کیا گیا۔