مغربی بنگال کے محمڈن اسپورٹنگ کلب خواتین کرکٹ ٹیم نے اولین بنگال ٹی 20 بلاسٹ ٹورنامنٹ کا خطاب جیت کر نئی تاریخ رقم کی۔کولکاتا میدان میں کھیلے گئے بنگال ٹی 20 بلاسٹ کے خطابی مقابلے میں راجستھان اے سی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 94 رنوں پر آل آؤٹ ہو گئی۔جواب میں محمڈن اسپورٹنگ ٹیم نے 13.3 اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کر لیا۔محمڈن اسپورٹنگ ٹیم کو پہلی مرتبہ کرکٹ ایسوسی ایشن آف بنگال کے کسی ٹورنامنٹ میں کھیلنے کا موقع ملا تھا اور پہلی مرتبہ میں ہی چمپیئن بن گئی۔محمڈن اسپورٹنگ کلب کے جنرل سکریٹری دانش اقبال نے کہا کہ خواتین کرکٹ ٹیم کی کارکردگی یادگار رہی ہے۔واضح رہے کہ محمڈن اسپورٹنگ مغربی بنگال کی سرزمین پر کھیل کود سے وابستہ پہلا ملی ادارہ ہے جس نے خواتین کرکٹ ٹیم تشکیل دی ہے۔دوسری طرف کلب ٹنٹ میں محمڈن اسپورٹنگ کی خواتین کرکٹ ٹیم کو اولین خطاب جیتنے پر استقبالیہ دیا گیا۔