گاندربل :وسطی کشمیر کے ضلع گاندربل میں گزشتہ دنوں ایک تیندوے نے 54 سالہ خاتون پر حملہ کرکے اسے زخمی کر دیا تھا۔ واقعے کی اطلاع کے بعد محکمہ وائلڈ لائف نے تیندوے کی تلاش شروع کر دی ہے۔جموں و کشمیر کے ضلع گاندربل میں گزشتہ دنوں تیندوے نے 54سالہ خاتون کو زخمی کر دیا تھا، خاتون کے زخمی ہونے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس کا ماحول ہے۔مقامی باشندوں نے علاقے میں تیندوے کی موجودگی کی اطلاع فوری طور محکمہ وائلڈ لائف کو دی جنہوں نے تیندوے کو پکڑنے کے لیے ٹیم کو روانہ کر دیا۔وائلڈ لائف افسران کے مطابق ضلع گاندربل کے شیر پتھری، واکورہ، ززنہ سمیت ملحقہ علاقوں سے تیندوے کی موجودگی کی خبریں موصول ہو رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ علاقے میں تیندوے کے پیروں کے نشانات بھی پائے گئے تاہم ابھی تک تیندوے کو ڈھونڈنے میں انہیں کامیابی حاصل نہیں ہو پائی ہے۔محکمہ وائلڈ لائف کی ٹیم نے علاقے میں تیندوے کو پکڑنے کے لیے کئی پنجرے بھی نصب کیے ہیں۔