سری نگر// اتھ روٹ کشمیر نامی ایک غیر سرکاری تنظیم نے مریضوں اور تیماداروں کی سہولیت کے لئے شیر کشمیر انسٹی ٹیوف آف میڈیکل سائنسز (سکمز) صورہ سری نگر میں پیر کے روز مفت ای رکشا خدمات شروع کر دیں۔لوگوں بالخصوص مریضوں اور تیمارداروں نے مذکورہ این جی او کی اس اہم پہل کی کافی سراہنا کی۔اس سروس کا افتتاح کرنے کے موقع پر این جی او کے چیئرمین بشیر احم نے میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے یہ سہولیت ان مریضوں اور تیمادراروں کے لئے شروع کی جن کو مین گیٹ سے ہسپتال جانے کے لئے اپنی گاڑیاں نہیں ہوتی ہیں اور ان کو یہ طویل مسافت پیدل طے کرنا پڑتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے خود دیکھا کہ یہاں مریض جن میں عمر رسیدہ بیمار بھی ہوتے ہیں، مین گیٹ پر گاڑی سے اتر کر اپنے سر، بازو یا ٹانگ کو پکڑ کر پیدل یہ طویل مسافت طے کرتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ان مریضوں کو تو بیماری نے بے حال کر دیا ہوتا ہے تو بچی کھچی کسر یہ پیدل سفر نکال دیتا ہے۔موصوف چیئرمین نے کہا کہ کئی بیماروں کو اپنے رشتہ دار کاندھوں پر اٹھا کر ہسپتال کے اندر لے جاتے ہیں جو انتہائی دلخراش منظر ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ مریضوں اور تیمارداروں کی اسی سختی کو دیکھ کر ہم نے یہ اقدام اٹھایا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ہم نے فی الوقت چار رکشا دستیاب رکھے ہیں اور وقت گذرنے جے ساتھ ان کی تعداد بڑھا کر کم سے کم دس کر دی جائے گی۔دریں اثنا لوگوں بالخصوص مریضوں اور تیمارداروں نے اتھہ روٹ کشمیر کی اس اہم اقدام کی سراہنا کی ہے۔غلام احمد نامی ایک تیماردار نے کہا کہ این جی او نے یہ ایک بہت ہی بڑا کام کیا یے جس سے خاص طور پر غریب مریضوں کو راحت نصیب ہوگی۔