گاندربل//انفو//ڈِسٹرکٹ الیکشن آفیسر گاندربل شیامبیر نے آئندہ لوک سبھا اِنتخابات کی تیاریوں کے سلسلے میں آج گاندربل اَسمبلی حلقہ کے اندر پولنگ کے بنیادی ڈھانچے کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لئے ایک جامع فیلڈ دورہ کیا۔اِس معائینے میں گورنمنٹ ڈِگری کالج گاندربل میں ڈِسپیچ کم رسیپٹ سینٹر (ڈِی سی آر سی) اور حلقے کے کئی دیگر پولنگ سٹیشنوں کا احاطہ کیا گیا۔ ڈِسٹرکٹ الیکشن آفیسرکے دورے کی توجہ اس بات کو یقینی بنانے پر مرکوز تھی کہ تمام پولنگ سٹیشنوں کو کم سے کم سہولیات (اے ایم ایف) سے لیس کیا جائے تاکہ تمام رائے دہندگان کے لئے ووٹنگ کے عمل کو آسان اور قابل رَسائی بنایا جاسکے۔اُنہوں نے وہیل چیئر تک رسائی کے لئے ریمپ کی دستیابی، پینے کے پانی کی مناسب سہولیات، مناسب بجلی، بیت الخلأ کی سہولیت اور معذور افراد (پی ڈبلیو ڈی) کے لئے خصوصی سہولیات سمیت اہم سہولیات کا معائینہ کیا۔شیامبیرنے شفاف اور بغیر کسی رُکاوٹ ووٹنگ کے تجربے کو آسان بنانے کے لئے محتاط تیاریوں کی ضرورت پر زور دیا۔ڈِسٹرکٹ الیکشن آفیسر نے کہا کہ ہماری توجہ اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ ہر ووٹر کو ووٹنگ کا منصفانہ اور مساوی تجربہ حاصل ہو۔ اُنہوں نے ضروری ہدایات دیں اور متعلقہ حکام کے درمیان قریبی تال میل کی تاکید کی تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ تمام پولنگ سٹیشنوں پر سہولیات رَسائی اور کارکردگی کے اعلیٰ ترین معیار پر پورا اُتریں۔اُنہوں نے ڈسپیچ کم رسیپٹ سینٹر کے اِنتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا جو 18 ۔گاندربل اسمبلی حلقہ کے اندر پولنگ سٹیشنوں پر اِنتخابی جماعتوں اور اِنتخابی مواد کو بھیجنے کے مرکز کے طور پر اہم کردار اَدا کرتا ہے۔یہ دورہ اِنتخابی عمل کی سا لمیت اور کارکردگی کے تحفظ کے وسیع تر اقدام کا حصہ تھا۔ڈِسٹرکٹ الیکشن آفیسر کے ہمراہ ایس ایس پی گاندربل سندیپ گپتا، گاندربل اَسمبلی حلقہ کے اے سی آراور اے آر او، چیف ایجوکیشن آفیسر اور دیگر اَفسران بھی موجود تھے۔