جموں// جموں وکشمیر کے ضلع راجوری کے دسل گجرن علاقے میں جمعہ کی صبح سیکورٹی فورسز اور جنگجوئوں کے درمیان مختصر تصادم آرائی میں ایک جنگجو مارا گیا۔ذرائع نے بتایا کہ فی الوقت ایک جنگجو کی لاش بر آمد کی گئی ہے جبکہ علاقے میں تلاشی آپریشن جاری ہے تاہم فی الحال فائرنگ بند ہوئی ہے۔قبل ازیں ایک دفاعی ترجمان نے بتایا کہ فوج اور پولیس کی ایک مشترکہ ٹیم نے راجوری کے نزدیک دسن گجرن جنگلاتی علاقے میں جمعرات اور جمعے کی درمیانی شب مشکوک نقل و حمل دیکھنے کے بعد وسیع پیمانے تلاشی آپریشن شروع کر دیا۔انہوں نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے جب ان کو چیلنج کیا تو انہوں نے فائرنگ کی جس کی جوابی کارروائی انجام دی گئی جس کے نتیجے میں طرفین کے درمیان گولیوں کا تبادلہ ہوا جو وفقے وقفے سے رات بھر جاری رہا۔ان کا کہنا تھا کہ سیکورٹی فورسز نے صبح کی پو پھٹتے ہی علاقے میں تلاشی آپریشن شروع کر دیا۔دریں اثنا راجوری اور پونچھ اضلاع میں ہائی الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ پچھلے کئی روز سے راجوری اور پونچھ اضلاع میں مشتبہ افراد کی نقل وحرکت کی اطلاع ملنے کے بعد سیکورٹی فورسز کو مستعد رہنے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔ ذرائع کا مزکہنا ہے کہ لائن آف کنٹرول پر تعینات افواج کو بھی چوبیس گھنٹے متحرک رہنے کے احکامات صادر کئے گئے ہیں تاکہ جنگجووں کے منصوبوں کو ناکام بنایا جاسکے۔