سری نگر// بی جے پی کے سینئر لیڈر سنیل شرما کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے دورہ کشمیر کے پیش نظر تمام تیاریوں کو حتمی شکل دی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم 7 مارچ کو یہاں بخشی اسٹیڈیم میں ایک بڑی ریلی سے خطاب کریں گے جس میں لوگوں کی بھاری تعداد میں شرکت متوقع ہے۔موصوف لیڈر نے ان باتوں کا اظہار ہفتے کے روز یہاں پارٹی لیڈروں اور کارکنوں کے ساتھ میٹنگ کے بعد نامہ نگاروں کے سوالوں کے جواب دینے کے دوران کیا۔انہوں نے کہاآج کی میٹنگ وزیر اعظم نریندر مودی جی کے دورہ کشمیر کے متعلق خاص تھی، 7 مارچ کو وزیر اعظم بخشی اسٹیڈیم میں ایک کامیاب ریلی سے خطاب کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کے دورہ کشمیر کے حوالے سے یہاں نہ صرف پارٹی کارکنوں بلکہ عام لوگوں میں بھی بہت ہی جوش وخروش دیکھا جا رہا ہے۔مسٹر شرما نے کہا کہ وزیر اعظم کی ریلی میں بڑی تعداد میں لوگوں کی شرکت متوقع ہے۔انہوں نے کہاجس کشمیر میں بی جے پی ایک اچھوتی پارٹی تھی آج یہاں کے ہر غریب، خاتون، بزرگ اور ہر فرد کو نریندر مودی سے امیدیں وابستہ ہیں۔بتادیں کہ وزیر اعظم نریندر مودی 7 مارچ کو کشمیر کا دورہ کر رہے ہیں جس دوران وہ یہاں بخشی اسٹیڈیم میں ایک عوامی ریلی س خطاب کریں گے۔معلوم ہوا ہے کہ وزیر اعظم کے کشمیر دورے کے پیش نظر وادی میں سیکورٹی ، انتظامی اور پارٹی سطح پر تیاریوں کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔قابل ذکر ہے کہ یہ ایک مہینے سے بھی کم وقت میں وزیر اعظم کا دوسرا دورہ جموں وکشمیر ہوگا۔20 فروری کو انہوں نے دورہ جموں کے دوران مولانا آزاد اسٹیڈیم میں ایک بھاری عوامی ریلی سے خطاب کیا تھا اور 32 ہزار کروڑ روپیوں کے مالیت کے پروجیکٹوں کا افتتاح کیا تھا۔سال 2019 میں دفعہ 370 کی تنسیخ کے بعد یہ نریندر مودی کا پہلا دورہ کشمیر ہوگا۔لوک سبھا انتخابات کے پیش نظر وزیر اعظم کے اس دورہ کشمیر کو انتہائی اہمیت کا حامل قرار دیا جا رہا ہے۔