سری نگر//محکمہ موسمیات نے وادی کشمیر میں ماہ مارچ کے پہلے ہفتے کے دوران وسیع پیمانے کے برف و باراں کے ایک اور مرحلے کی پیش گوئی کی ہے۔محکمہ موسمیات سری نگر کے ڈائریکٹر داکٹر مختار احمد نے کہا کہ وادی میں 26 فروری تک موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ بعد ازاں ایک کمزور مغری بوا کی لہر کے داخل ہونے کے نتیجے میں وادی میں 26 فروری کی شام سے 28 فروری کی صبح تک ہلکی سے درمیانی درجے کی بارشوں اور برف باری کا امکان ہے۔ان کا کہنا ہے کہ پھر 29 فروری کو بھی موسم ابر آلود ہی رہے گا۔موصوف ڈائریکٹر نے کہا کہ اس کے بعد شدید نوعیت کی ایک اور مغربی ہوا کی لہر داخل ہونے کے نتیجے میں وادی میں یکم مارچ سے 3 یا 4 مارچ تک میدانی علاقوں میں ہلکی برف باری اور بارشیں جبکہ پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں بھاری برف باری ہوسکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ میدانی علاقوں میں زیادہ بارشوں کے ہی امکانات ہیں تاہم ہلکی برف باری کو بھی خارج از امکان قرار نہیں دیا جا سکتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پہاڑی علاقوں کے لوگوں کو ان جگہوں پر جانے سے گریز کرنا چاہئے جہاں برفانی تودے گر آنے کے خطرات رہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ علاوہ ازیں لوگوں کو محکمہ ٹریفک کی طرف سے جاری ایڈوائزری پر عمل پیرا ہونا چاہئے۔