سری نگر//جموں وکشمیر پولیس نے جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام میں 2 منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے ان کی تحویل سے نشہ آور مواد بر آمد کیا ہے۔ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ کولگام میں پولیس چوکی فرصل کی ایک پولیس پارٹی نے ٹنگہ بل کراسنگ پر ایک ناکہ لگا دیا۔انہوں نے کہا کہ ناکہ پر چیکنگ کے دوران ایک ٹا ٹا انڈیگو گاڑی زیر نمبر PB08BT – 5230 کو روک کر اس کی تلاشی لی گئی۔ان کا کہنا تھا کہ تلاشی کے دوران گاڑی سے 10 کلو فکی بر آمد کی گئی جس کو دو نائیلان بیگوں میں رکھا گیا تھا۔پولیس ترجمان نے کہا کہ اس دوران گاڑی میں سوار دو افراد کو گرفتار کیا گیا جن کی شناخت سرجیت سنگھ ولد دولہ سنگھ ساکن رائے پور جالندھر پنجاب اور عابد احمد گنائی ولد عبدالعزیز گنائی ساکن فرصل کے طور پر ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس جرم کے لئے استعمال کی جانی والی گاڑی کو بھی ضبط کیا گیا۔پولیس نے اس ضمن میں پولیس اسٹیشن یاری پورہ میں این ڈی پی ایس کے دفعات کے تحت ایک کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ہیں۔