سری نگر//سرکاری ذرائع کے مطابق جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے متری گام علاقے میں سیکورٹی فورسز اور جنگجوئوں کے درمیان فائرنگ کے مختصر تبادلے کے بعد علاقے میں تلاشی آپریشن جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ جنگجوئوں کی موجودگی کے متعلق اطلاع موصول ہونے پر سیکورٹی فورسز نے پلوامہ کے متری گام کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کر دیا جس دوران طرفین کے درمیان فائرنگ کا مختصر تبادلہ ہوا۔ایک سیکورٹی عہدیدار نے بتایا: ‘ایسا لگتا ہے کہ جنگجو ابتدائی فائرنگ کے بعد فرار ہوئے ہیں تاہم علاقے میں تلاشی آپریشن ہنوز جاری ہے’۔ذرائع نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے ایک وسیع علاقے کو محاصرے میں لے کر فرار ہونے کے سبھی راستوں پر پہرے بٹھا دئے ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ مفرور ملی ٹینٹوں کو تلاش کرنے کی خاطر سراغ رساں کتوں کی خدمات حاصل کی گئی۔ بتادیں کہ وادی کشمیر میں سال رواں کے دوران اب تک مختلف مقامات پر تین تصادم آرائیوں میں پانچ جنگجو مارے گئے۔