جموں//جموں وکشمیر کانگریس کی ہاتھ سے ہاتھ جوڑو یاترا راجوری پہنچی جس دوران لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے کانگریس لیڈروں کا استقبال کیا۔پردیش کانگریس کے صدر وقار رسول وانی نے اس موقع پر کہا کہ جموں وکشمیر میں بے روزگاری نے سنگین رخ اختیار کیا ہوا ہے۔انہوں نے کہاکہ پورے ملک میں مہنگائی کا جن بوتل سے باہر آیا ہوا ہے۔اطلاعات کے مطابق جموں وکشمیر کانگریس کی ہاتھ سے ہاتھ جوڑو یاترا منگل کے روز راجوری پہنچی۔اس موقع پر لوگوں سے خطاب کے دوران پردیش کانگریس کے صدر وقار رسول وانی نے کہاکہ راہول گاندھی نے کنیا کماری سے کشمیر تک بھارت جوڑو یاترا نکالی جس میں کروڑوں لوگوں نے شرکت کی۔انہوں نے کہاکہ بھاجپا نے پورے ملک میں ذات پات اور ہندو مسلم کے نام پر نفرت کا ماحول قائم کیا ہے اور راہل گاندھی نے نفرت کی دیواروں کو گرنے کی خاطر بھارت جوڑو یاترا کا اہتمام کیا۔اْن کے مطابق بی جے پی نے جموں وکشمیر میں بھی نفرت کا ماحول قائم کرکے گوجر اور پہاڑیوں کو لڑانے کی کوشش کی۔انہوں نے مزید بتایا کہ بھاجپا کی ناکامی سب کے سامنے عیاں ہے ، مہنگائی کی وجہ سے لوگوں کی زندگی اجیرن بن گئی ہے اور اس حوالے سے بی جے پی نے خاموشی اختیار کی ہوئی ہے۔پی سی سی چیف نے کہاکہ جموں وکشمیر میں بھائی چارے ، اخوت اور برادری کو مضبوط کرنے کی خاطر کانگریس میدان میں نکلی ہے اور ہمیں لوگوں کا بھر پور تعاون مل رہا ہے۔