نئی دہلی// وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ حکومت ملک کے دور دراز علاقوں کے لوگوں تک پہنچنے کی کوشش کر رہی ہے اور ان میں سے کئی لوگوں کو پہلی بار سرکاری اسکیموں کا فائدہ مل رہا ہے۔ زیادہ تر کاریگر دلت، قبائلی، پسماندہ برادریوں سے ہیں یا خواتین ہیں اور ان تک پہنچنے اور انہیں فوائد فراہم کرنے کے لیے ایک عملی حکمت عملی کی ضرورت ہوگی۔ہفتہ کو ’پردھان منتری وشوکرما کوشل سمان‘ پر بجٹ سے قبل ویبینار سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر مودی نے کہا کہ محروم لوگوں تک پہنچنے کے لیے طے شدہ مشن موڈ میں کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پردھان منتری وشوکرما یوجنا کا مقصد کاریگروں اور چھوٹے کاروبار سے وابستہ لوگوں کی مدد کرنا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ چھوٹے کاریگر مقامی دستکاری کی مصنوعات کی تیاری میں اہم رول ادا کرتے ہیں۔ پی ایم وشوکرما یوجنا انہیں بااختیار بنانے پر توجہ مرکوز کرتی ہے۔ اس اسکیم کا مقصد روایتی کاریگروں اور دستکاروں کی مالا مال روایات کا تحفظ کرتے ہوئے انہیں فروغ دینا ہے۔ ہندوستان کی ترقی کے سفر کے لیے ضروری ہے کہ گاؤں کے ہر طبقے کو اس کی ترقی کے لیے بااختیار بنایا جائے۔ ملک کے وشوکرما کی ضروریات کے مطابق اس کے ہنر مندانہ ڈھانچے کو از سر نو تشکیل دینے کی ضرورت ہے۔کاریگر اور دستکار اگر ویلیو چین کا حصہ بن جائیں تو انہیں مضبوط بنایا جا سکتا ہے۔