بنگلورو//کرناٹک کے ہاسن ضلع میں ایچ 3 این 2 وائرس کے انفیکشن کی وجہ سے موت کا پہلا معاملہ سامنے آیا ہے۔ اس وائرس کو ہانگ کانگ فلو بھی کہا جاتا ہے۔وزارت صحت کے مطابق ہانگ کانگ فلو سے متاثرہ مریض کو 24 فروری کو اسپتال میں داخل کیا گیا تھا اور 01 مارچ کو اس کی موت ہوگئی تھی۔ تاہم، ایچ 3 این 2 کی تصدیق 06 مارچ کو جانچ کے لیے بھیجے گئے نمونے میں ہوئی تھی۔ متوفی کی شناخت ہیرے گوڑا کے طور پر کی گئی ہے۔ وہ ذیابیطس اور ہائی بلڈ پریشر میں مبتلا تھا۔ایچ 3 این 2 انفلوئنزا اے وائرس کی واحد شکل ہے جو انسانوں میں سانس کی بیماری کا سبب بن سکتی ہے۔یہ وائرس جسم کے نظام تنفس کو متاثر کرتا ہے جس کی علامات فلو جیسی نظر آتی ہیں۔ فلو جیسی علامات کے علاوہ، ایچ 3 این 2 انفلوئنزا بہت متعدی ہے۔ یہ ہوا کے ذریعے ایک متاثرہ شخص سے صحت مند شخص میں آسانی سے پھیل سکتا ہے۔