سری نگر//جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس کے ترجمان اعلیٰ تنویر صادق نے حکومت کی طرف سے ایپ ٹیک کے معاملے میں دکھائی جارہی ہٹ دھرمی اور سخت گیری کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مذکورہ ایجنسی کا داغدار ہونا ہی اسے پہلے ہی مسترد کرنے کے لے کافی تھا لیکن اس کے باوجود بھی اسے یہ کام سونپا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اب جبکہ سرینگر سے لیکر جموں تک ہمارے بے روزگار نوجوانوں اس ایجنسی کے ذریعے ایس ایس بی امتحانات کروانے کیخلاف احتجاج کررہے ہیں تو پھر حکومت کو فوری طور پر کنٹریکٹ ختم کرنا چاہئے تھا لیکن یہاں حکمرانوں نے اپنی آنکھوں پر پٹی باندھ کر رکھی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ جموں وکشمیر کی نوجوان پود پہلے ہی مایوسی اور نااْمیدی کے بھنور میں مبتلا ہے اور انہیں پرامن احتجاج کرکے اپنی آواز اْٹھانے کی اجازت بھی نہیں۔ ہمارے ان نوجوانوں کے ذہنوں میں اس وقت کیا چل رہا ہوگا؟ آج انہیں سڑکوں پر لایا گیا ہے اور پولیس ان پر لاٹھیاں برسا رہی ہے۔ آخر حکمرانوں کو ایپ ٹیک نامی اس داغدار کمپنی کیساتھ کنٹریکٹ ختم کرنے میں کیا بات روک رہی ہے؟