سری نگر// وادی کشمیر کو ملک کے باقی حصوں کے ساتھ جوڑنے والی سری نگر- جموں قومی شاہراہ پر بدھ کی صبح دوطرفہ ٹریفک کی نقل و حمل بحال ہوگئی۔بتادیں کہ قومی شاہراہ پر گذشتہ روز رام بن میں ایک بھاری بھر کم مٹی کا تودا گر آیا تھا جس نے ایک گاڑی کو اپنے زد میں لیا تھا اور اس کے نتیجے میں ایک شخص کی موت جبکہ 6 دیگر زخمی ہوئے تھے۔ٹریفک حکام نے بتایا کہ شاہراہ سے مٹی کے تودے کے ملبے کو قریب ا?ٹھ گھنٹوں کی مشقت کے بعد منگل کی شام صاف کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ منگل کی شام قریب دس بجے پہلے سینکڑوں درماندہ گاڑیوں کو اپنی اپنی منزلوں کی طرف چلنے کی اجازت دی گئی۔ان کا کہنا تھا کہ بدھ کی صبح شاہراہ پر دونوں طرف سے چھوٹی گاڑیوں کو چلنے کی اجازت دی گئی جبکہ بڑی گاڑیوں کو جموں سے سری نگر جانے کی اجازت ہے۔قابل ذکر ہے کہ قومی شاہراہ کے بند ہونے سے اہلیان وادی کو گونا گوں مشکلات سے دو چار ہونا پڑتا ہے۔لوگوں کا کہنا ہے کہ شاہراہ بند ہوتے ہی جہاں ایک طرف وادی کے بازاروں میں اشیائے ضروریہ بالخصوص اشیائے خورد نوش کی قلت پیدا ہوجاتی ہے وہیں گراں بازاری بھی آسمان چھونے لگتی ہے۔