سری نگر// وادی کشمیر میں موسم خشک و خوشگوار ہے جس کے ساتھ ہی جہاں پارکوں اور باغوں میں لوگوں کے آنے جانے کا سلسلہ بڑھنے لگا ہے وہیں لوگوں نے بھی گرمی کے لئے ہیٹروں کا استعمال کرنا بند کر دیا ہے۔محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کے مطابق وادی میں 12 مارچ تک موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ وادی میں پہلگام، گلمرگ اور کپوارہ کو چھوڑ کر شبانہ درجہ حرارت میں بہتری ریکارڈ ہوئی ہے۔گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت3.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت 3.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی1.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی0.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی1.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی1.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت0.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت 0.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت 2.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت 2.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔دریں اثنا وادی میں بدھ کو بھی صبح سے ہی موسم نہ صرف خشک رہا بلکہ دھوپ بھی چھائی رہی جس سے لوگوں کو لطف اندوز ہوتے ہوئے دیکھا گیا۔