سری نگر//سری نگر جموں شاہراہ پر سیری رام بن کے نزدیک لینڈ سلائڈ کے نیچے دو گاڑیاں آئیں جس وجہ سے اْن میں سوار سات افراد پھنس کر رہ گئے تاہم کیو آر ٹی رام بن کے رضا کاروں کی جانب سے فوری ریسکیو آپریشن شروع کرنے کے باعث سات افراد کو زندہ بچایا گیا جنہیں بعد میں ہسپتال لے جایا گیا تاہم ڈاکٹروں نے ایک کو مردہ قرار دیا۔اطلاعات کے مطابق سیر ی رام بن میں پیر کی سہ پہر پہاڑی سے بھاری برکم مٹی کے تودے گر آئے جس وجہ سے ایک نجی گاڑی اور جی سی بی اْس کی زد میں آئے۔معلوم ہوا ہے کہ پولیس اور کیو آر ٹی رام بن نے فوری طورپر ریسکیو آپریشن شروع کیا جس دوران نجی گاڑی میں موجود دو بچوں سمیت سات افراد کو ملبے سے باہر نکال کر ہسپتال لے جایا گیا تاہم وہاں پر تعینات ڈاکٹروں نے ایک مسافر کو مردہ قرار دیا۔متوفی کی شناخت سرجیت سنگھ ولد شیر سنگھ کے بطور ہوئی ہے۔تین سو کلومیٹر لمبی شاہراہ پر مٹی کے تودے گر آنے کے باعث شاہراہ کو دو طرفہ ٹریفک کے لئے بند کردیا گیا۔حکام نے بتایاکہ مٹی کو ہٹانے کا کام جنگی بنیادو ں پر شروع کیا گیا تاہم اس میں مزید کچھ وقت لگ سکتا ہے۔