سری نگر//جموں وکشمیر بھاجپا یونٹ کے صدر رویندر رینا نے پیر کے روز کہاکہ پلوامہ میں کشمیری پنڈت کی ہلاکت میں ملوث دہشت گردوں کو بہت جلد کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ حملہ آور کشمیریت اور انسانیت کے دشمن ہیں۔اْن کے مطابق پچھلے دو دنوں سے پلوامہ کے اچھن گاوں میں رہائش پذیر مقامی مسلمانوں کے گھروں میں بھی چولہا نہیں جلا۔ان باتوں کا اظہار موصوف نے سری نگر میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔انہوں نے کہاکہ پلوامہ کے اچھن گاوں میں ملی ٹینٹوں نے ایک معصوم کشمیری پنڈت کا بے رحمی کے ساتھ قتل کیا۔انہوں نے کہاکہ دہشت گردوں نے ظلم کے سارے ریکارڈ مات کئے اور ایک غریب معصوم کشمیری پنڈت کا قتل کیا۔رویندر رینا نے کہاکہ سنجے شرما پچھلے پچاس برسوں سے پلوامہ میں رہائش پذیر تھا۔ان کے مطابق کشمیر کے مسلمانوں نے مذہب و ملت سے اوپر اٹھ کر اس وحشیانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے دہشت گردوں کے خلاف سڑکوں پر آکر احتجاجی مظاہرئے کئے۔انہوں نے بتایا کہ اچھن گاوں کے سبھی مسلمان اس وقت سنجے شرما کے گھر پر موجود ہیں اور پچھلے دو روز سے مسلمانوں کے گھروں میں چولہا بھی نہیں جلا۔انہوں نے مزید بتایا کہ دہشت گردوں نے کشمیریت کو لہولہان کیا اور کشمیر کے لوگوں کے پیٹ پر خنجر مارا ہے۔موصوف صدر نے کہاکہ یہ ظلم و ستم بند ہونا چاہئے کیونکہ معصوم انسانوں کا بے دردی سے قتل کرنا ناقابل برداشت ہے۔انہوں نے بتایا کہ حملے میں ملوث دہشت گردوں کو سیکورٹی فورسز اہلکار بہت جلد کیفرکردار تک پہنچائیں گے ہی لیکن اوپر والا بھی انہیں سزا دے گا۔