سری نگر//سری نگر جموں قومی شاہراہ پر تعمیر ہو رہی 865میٹر طویل پنتھال ٹنل(ٹی5)کو 15مارچ سے ٹریفک کے لئے کھول دیا جا ئے گا۔حکام کا کہنا ہے کہ اس ٹنل کا تعمیری کام آخری مرحلے میں ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹنل کو 15 مارچ سے ٹریفک کے لئے کھول دیا جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ اس ٹنل سے لوگوں کو شاہراہ پر چٹانیں کھسک آنے سے بند رہنے کی مصیبت سے راحت نصیب ہوگی۔سرکاری ذرائع نے بتایاکہ سری نگر جموں شاہراہ پر پنتھال کے مقام پر ہی اکثر و بیشتر حادثات رونما ہوتے ہیں جس کو مد نظر رکھتے ہوئے سرکار نے ٹی 5ٹنل کا کام کئی برس قبل ہاتھ میں لیا اور 15مارچ 2023کے روز اس ٹنل کو عوام کے نام وقف کیا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ 8سو میٹرلمبی اس ٹنل کو ٹی 5 نام دیا گیا ہے۔ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ سری نگر جموں شہر پر پنتھال کا حصہ پتھرکھسک آنے کی وجہ سے مسافروں کے لئے پریشانی کا باعث ہے۔انہوں نے کہاکہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی آف انڈیا کے انجینئروں نے اس پر کام مکمل کیا اور اس ٹنل کو 15مارچ کے روز کھول دیا جائے گا۔اْن کے مطابق رام بن سے بانہال کے درمیان شاہراہ کے اہم حصوں پر چار سو اور آٹھ سو میٹر کی تین سرنگیں تعمیر کی جانی تھیں۔انہوں نے کہاکہ گر چہ ٹنل کی تعمیر سے فاصلہ کم نہیں ہوگا لیکن پنتھال اسٹریچ کا مسئلہ ہمیشہ ہمیشہ کے لئے حل ہو جائے گا۔اْن کا مزید کہنا تھا کہ معمولی بوندا باندھی کے ساتھ ہی پنتھال کے مقام پر چٹانیں کھسک آنے کی وجہ سے شاہراہ پر ٹریفک کی آمدورفت کو روکنا پڑتا تھا لیکن نئی ٹنل کو آپریشنل کرنے کے بعد یہ مسئلہ حل ہو جائے گا۔موصوف آفیسر نے بتایا کہ ٹی 5ٹنل کے بعد قومی شاہراہ پر رام بن اور ڈگڈول میں دو ٹیوبز پر بھی کام بہت جلد شروع ہوگا۔