سری نگر// وادی کشمیر کو ملک کے باقی حصوں کے ساتھ جوڑنے والی سری نگر- جموں قومی شاہراہ پر کئی گھنٹوں کے بعد منگل کو یک طرفہ ٹریفک کی نقل و حمل بحال ہوگئی۔ٹریفک حکام نے بتایا کہ قومی شاہراہ پر ملبے کو ہٹانے کے بعد یک طرفہ ٹریفک کی نقل و حمل بحال کر دی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ پہلے درماندہ گاڑیوں کو ہی چلنے کی اجازت دی گئی ہے۔حکام نے بتایا کہ قومی شاہراہ پر گذشتہ رات قریب دس بجے رام بن کے کیفٹریا موڑ پر رک رک کر چٹانیں کھسک آرہی تھیں جس کے پیش نظر ٹریفک کی نقل وحمل کو روک دیا گیا تھا۔بتادیں کہ قومی شاہراہ کے بند ہونے سے اہلیان وادی کو گونا گوں مشکلات سے دوچار ہونا پڑتا ہے۔لوگوں کا کہنا ہے کہ شاہراہ کے بند ہوتے ہی جہاں اشیائے ضروریہ کی قلت پیدا ہوجاتی ہے وہیں بازاروں میں گراں بازاری آسمان چھونے لگتی ہے۔