سری نگر//جموں وکشمیر نیشنل کانفرنس جنرل سکریٹری علی محمد ساگر نے آج پارٹی ہیڈکوارٹر پر ایک میٹنگ میں موجودہ صورتحال، لوگوں کے مسائل و مشکلات اور تنظیمی سرگرمیوں میں جانکاری حاصل کی۔میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے علی محمد ساگر نے کہا کہ جموں وکشمیر کے عوام اس وقت گوناگوں مصائب اور مشکلات سے دوچار ہیں اور ہرطبقہ کے لوگوں کو اس وقت زبردست چیلنجوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ نہ کہیں روزگار کے وسائل ہیں اور نہ کاروبار کے مواقع،مہنگائی اور کسادبازاری عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے جبکہ انتظامیہ کی بے حسی لوگوں کے مشکلات میں اضافے کا سبب بن رہی ہے۔ افسر شاہی میں لوگ پس رہے ہیں، نت نئے حربے اپنا کر لوگوں پر اضافی بوجھ ڈالا جارہا ہے ، بلڈوزر راج قائم کرکے پوری ریاست کی آبادی کو دہشت زدہ کردیا گیا ہے۔حکومت اور انتظامیہ میں عوام کی بات سننے والا کوئی نہیں، کسی کو سچ بولنے کی اجازت نہیں۔ بس حکمران فرمان جاری کرتے ہیں ،انتظامیہ ان فرمانوں پر آنکھیں بند کرکے عمل کرتی ہے اور افسران میں بادشادہ سے وفاداری دکھانے کی دوڑ لگ جاتی ہے۔انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیرمیں آج تاناشاہی راج کی مکمل طور پر عکاسی ہوتی ہے۔ ساگر نے پارٹی عہدیداروں پر زور دیاکہ وہ ہرحال میں عوام کے شانہ بہ شانہ رہیں اور عوامی مسائل و مشکلات اْجاگر کرنے اور ان کا سدباب کرانے میں پیش پیش رہیں۔